محمد بشارت
کوٹرنکہ //کوٹرنکہ سب ڈویژن کے خواص علاقہ کی متعدد پنچایتوں میں گزشتہ تین دنوں نے بجلی سپلائی بند ہونے کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔صارفین نے بتایا کہ کالا کوٹ ڈویژن کے گریڈ سٹیشن سے مذکورہ دیہات میں بجلی کی سپلائی فراہم کی جارہی ہے لیکن بدقسمتی سے مذکورہ دیہات میں گزشتہ 3دنوں سے سپلائی بند ہوئی ہے جبکہ مکینوں کو رمضان کے دوران کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مشتاق احمد چوہدری نامی ایک سماجی کارکن نے بتایا کہ تحصیل خواص کی پنچایت حلقہ گونڈی ،خواص ،کیری ،گوندہ وغیرہ میں بجلی کی سپلائی بند پڑی ہوئی ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ صارفین کو رمضان میں جان بوجھ کر تنگ کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں ۔بیشن کمار نامی ایک شخص نے بتایا کہ نوراتروں میں لوگوں کو بجلی کی سپلائی فراہم کرنے میں لاپرواہی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے ۔صارفین نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ بجلی کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ مذکورہ علاقوں میں بجلی کی سپلائی بحال کی جاسکے ۔