محمد بشارت
کوٹرنکہ // تحصیل خواص کو کوٹرنکہ سے جوڑنے والی سڑک 5ویں روز بھی آمدو رفت کے لئے بند رہی وہیں گزشتہ دنوں نئے پل کی تعمیر کے دوران پرانے پل میں شگاف پڑھنے کی وجہ سے انتظامیہ نے پل کو آمدو رفت کے لئے بند کر دیا تھا جسکی وجہ سے لوگو ںکو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔سماجی کارکن سرجیت سنگھ ٹھاکر کی قیادت میں خواص علاقہ کے لوگوں نے محکمہ تعمیرات عامہ اورانتظامیہ کے خلاف جم کر نعرہ بازی کی اور کہا کہ محکمہ تعمیرات عامہ کے خلاف ایف آئی آر درج کی جاے کیونکہ محکمہ لوگوں کو سڑک کی سہولیت فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکا ہے اور پانچ روز ہو چکے ہیں ابھی تک نہ تو پلی کو بحال کیا گیا اور نہ ہی متبادل سڑک کا کوئی بندوبست کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ پبلک ورک ڈپارٹمنٹ کی غفلت شعاری کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مکینوں نے کہا کہ دو ماہ قبل بھی اس پل میں شگاف آنے کی وجہ سے گاڑیاں بس سٹینڈ میں داخل نہیں ہو پا رہی تھی ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ انتظامیہ جان بوجھ کر لوگوں کو پریشانی میں مبتلاکررہی ہے ۔لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ جلدازجلد سڑک کو ٹریفک کی آمد و رفت کیلئے بحال کیاجاسکے ۔