سرینگر//عوامی مجلس عمل کے سابق جنرل سیکریٹری مرحوم خواجہ غلام محمد بٹ کا آٹھواں یوم وفات تنظیم کے صدر دفتر تاریخی میرواعظ منزل راجوری کدل سرینگرپر نہایت ہی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقعہ پر مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے سب سے پہلے قرآن خوانی کی گئی اورتنظیم کے جملہ مرحوم رہنمائوں ، قائدین، ہمدردوں اور شہداء کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔اس دوران تنظیم کے محبوس سربراہ و حریت چیرمین میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے مرحوم بٹ کی تنظیم اور تحریک کے تئیں ان کی گرانقدر خدمات اور قربانیوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم رہنما نے اپنی پوری زندگی ایک عظیم نصب العین کیلئے وقف کی تھی اور ایک طویل عرصے تک تنظیم کے سیاسی، سماجی اور دینی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔تنظیم کے مرکزی دفتر پر خراج عقیدت کی خصوصی تقریب تنظیم کے قائمقام جنرل سیکریٹری جی این زکی کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں مقررین نے مرحوم بٹ کی تنظیم، تحریک اور سماج کے تئیں طویل ترین بے لوث خدمات کو شاندار الفاظ یں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے مرحوم کی شخصیت کے مختلف گوشوںکو یاد کیا اور کہا کہ مرحوم رہنما کی کمی آج بھی تنظیمی اور تحریکی صفوں میں محسوس کی جارہی ہے۔