پلوامہ//ریاستی کمیشن برائے خواتین نے ڈی سی آفس کمپلیکس پلوامہ میں قومی کمیشن برائے خواتین نئی دہلی کے اشترا ک سے خواتین کے لئے ایک قانونی جانکاری پروگرام کا اہتمام کیا۔پروگرام میں کمیشن کی چیرپرسن نعیمہ احمد مہجور اور ضلع ترقیاتی کمشنر غلام محمدڈار خاص طور پر موجود تھے۔اس موقع پر بولتے ہوئے نعیمہ احمد مہجور نے کہا کہ اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد کا مقصد سماج میں خواتین کو ان کے حقوق کے بارے میں جانکاری دی جارہی ہے جوکہ ان کے حقوق اورمفادات کا تحفظ کرسکتے ہیں ۔نعیمہ احمد مہجور نے کہا کہ ریاست کے تمام ڈگری کالجوں میں اس طرح کے پروگراموںکا انعقاد کئے جانے کا منصوبہ ہے تاکہ طلبأ کے لئے اُن کی تشویشوں کا ازالہ کرنے کی راہ ہموار ہوسکے۔انہوںنے خواتین کو ان کے گھر سے ہی با اختیار بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔ترقیاتی کمشنر نے اپنے خطاب کے دوران قانونی جانکاری کیمپوں کا انعقاد کرنے کے لئے کمیشن کی سراہنا کی۔انہوںنے کہا کہ خواتین کو فلاح وبہبودکی سکیموں کے بارے میں جانکاری دینا وقت کا اہم تقاضا ہے۔