جموں//اپنی پارٹی سنیئر نائب صدر غلام حسن میر نے جموں وکشمیر میں خواتین کمیشن قائم کرنے کے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ پارٹی دفتر گاندھی نگر میں منعقدہ ایک تقریب جس کا اہتمام خواتین ونگ صوبائی صدر نمرتہ شرما نے کیاتھا،جس میں کئی خواتین کارکنان نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر بولتے ہوئے انہوں نے جموں وکشمیر میں خواتین کمیشن قائم کرنے کے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کیا اور کہاکہ اِس سے خواتین سے متعلق مسائل کا ازالہ ہوگا تاہم انہوں نے اپیل کی کہ جلد سے جلد کمیشن کے قیام کو یقینی بناناجاے۔کمیشن کو جتنا جلدی ہوسکے فعال بنائیں تاکہ خواتین کے مسائل کا بروقت حل ہو۔ میر نے کہاکہ خواتین کو درپیش مسائل پر اکثر توجہ نہیں دی جاتی ، ایسے میں کمیشن کا رول اہم رہے گا۔ وکرم ملہوترہ نے بھی نئے ساتھیوں کا خیر مقدم کیا اور مانگ کی کہ جلد سے جلد جموں وکشمیر میں انتخابات کرائے جائیں، ریاستی درجہ بحال کیاجائے تاکہ عام لوگوں کے مسائل حل ہوسکیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی درجے کی بحالی سماج کے ہر طبقہ کا مطالبہ ہے۔ خواتین ونگ صوبائی صدر نمرتہ شرما نے بھی خواتین کے مسائل پر حکومتی سطح پر توجہ نہ دیئے جانے پر اپنی تشویش ظاہر کی۔انہوں نے کہاکہ اگر حکومت نے کمیشن کے قیام کا اعلان کیا ہے تو پھر اس کو جلد فعال بھی بنایاجائے۔