عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈمی حیدرآباد کے 28پروبیشنری آئی پی ایس افسران کے ایک گروپ نے اپنے مطالعاتی اور ثقافتی دورے کے ایک حصے کے طور پر پولیس ہیڈ کوارٹر سرینگر کادورہ کیاجس کے دوران افسران نے ڈی جی پی جموں و کشمیر آر آر سوین اور دیگر سینئر افسران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور جموں و کشمیر پولیس کے کام کاج کے بارے میں خصوصی جانکاری حاصل کی۔ اپنے استقبالیہ خطاب میں ایم کے سنہا (اے ڈی جی پی (ہیڈ کوارٹر،کوآرڈی نیشن(پی ایچ کیو/سیکورٹی جے اینڈ کے) نے پولیسنگ سے متعلق درپیش چیلنجوں کے ساتھ ساتھ خطے کی جغرافیائی انفرادیت سے افسران کو متعارف کرایا جبکہ اس دوران انہوں نے مجموعی سیکورٹی گرڈ میں جموں و کشمیر پولیس کی اہم پوزیشن کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر افتخار طالب، ایس پی آپریشن، سرینگر کی طرف سے ایک تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی گئی، جس میں دورے پر آئے ہوئے افسران کوانسداد دہشت گردی کے محاذ پر جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی)کے اہم کردار کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی ۔ اس پریزنٹیشن میں ایس او جی کی ابتدا، اس کی کامیابیوں اور مستقبل کے چیلنجوں کا احاطہ کیا گیا۔ پریزنٹیشن میں ایس او جی کی صلاحیتوں پر بھی توجہ مرکوز کی جس میں انٹیلی جنس جنریشن کے ساتھ ساتھ کائینیٹک آپریشنز بھی شامل ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پولیس کے سربراہ آر آر سوین نے گزشتہ تین دہائیوں میں جموں و کشمیر پولیس کو درپیش منفرد چیلنجوں پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہائبرڈ دہشت گردی اور خطے میں کام کرنے والی مختلف سیکورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان جموں و کشمیر پولیس کے مربوط کردار جیسے موضوعات پر بھی بات کی۔