عاصف بٹ+محمد تسکین +اشتیاق ملک
کشتواڑ+بانہال+ڈوڈہ//خطہ چناب کے تینوں اضلاع میں ایک بارپھر بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیںجبکہ میدانی جموں میں دن بھر بارشوںکا سلسلہ جاری رہا۔
کشتواڑ
ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوںمیں بارشوں کا سلسلہ د ن بھر مسلسل جاری رہا جسکے سبب عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو دن بھر موسم ابرآلودرہنے کے بعد بدھ کی صبح بالائی علاقوںمیں برفباری کا سلسلہ شروع ہوا جبکہ میدانی علاقوںمیں د ن بھر بارشیں ہوتی رہیں۔ مڑواہ میں تین انچ، واڑون کے سکھنائی، چوئی درمن ،گندھاری ،دچھن ، بونجواہ، مچیل ، آلوفارم ،وٹسر، کیشوان کے بالائی علاقوںمیں کئی انچ تازہ برفباری درج کی گئی جبکہ سنتھن و مرگن ٹاپ پر دو سے تین فٹ تازہ برف ہونے کی اطلاع موصول ہوئی۔اس دوران مرگن و سنتھن شاہراہیں مسلسل پانچویں روز بھی آمدورفت کیلئے بندرہیں۔وہیں کشتواڑ دچھن سڑک پر سوندر کے قریب بھاری پسی گرآئی جسکی زدمیں کمپنی کا ڈمپر آگیا تاہم ا س میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی جسکے سبب سڑک پر سفر کررہے مسافروں کو سخت مشکلات پیش آئیں۔ قریب دس گھنٹے بعد سڑک کو بحال کیا گیا۔اگرچہ کشتواڑ بٹوت قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آواجاہی بلاخلل جاری رہی تاہم کشتواڑ دچھن سڑک ڈنگڈورو کے مقام پر بھاری پسی گرآنے کے سبب آمدورفت کیلئے بند رہی جسے متعدد گھنٹوں کے بعد آمدورفت کیلئے بحال کردیاگیا۔ادھر میدانی علاقہ جات میں مسلسل دوسرے روز بھی دن بھر بارشیں ہوتی رہیں جسکے سبب درجہ حررات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ۔دچھن ،چھاترو ،چنگام، ٹھکرائی ،درابشالہ ،بونجواہ میں مسلسل بارشوں کے سبب عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی اور لوگ گھروں کے اندر ہی محصور ہوگئے۔اس دوران ضلع انتظامیہ نے خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر ضلع میں قائم پرائمری و مڈل سکولوں کو احتیاتی طور بند رکھنے کے احکامات جاری کئے تاہم دیگر تمام ادارے کھلے رہی۔بارزشوں و برفباری کا سلسلہ۔اخری اطلاع ملنے تک جاری تھا۔
رام بن
رام بن اور بانہال کے سیکٹر میں بدھ کی دوپہر سے بارشوں کا تازہ سلسلہ شروع ہوا ہے۔ اس دوران پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہورہی ہے۔بارشوں کے باوجود270 کلومیٹر لمبی جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت بغیر کسی خلل کے جاری رہی اور معمول کے ٹریفک میں مسافر گاڑیوں نے ٹریفک حکام کی طرف سے مقرر کئے گئے اوقات کے اندر اندر دونوں طرف سے سفر کیا جبکہ سیبوں سے لدھے سینکڑوں ٹرک بھی وادی کشمیر سے جموں کی طرف رواں دواں تھے اور یہ سلسلہ شام سات بجے تک جاری تھا۔ محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق بارشوں کا تازہ سلسلہ بدھ کی دوپہر بعد سے شروع ہوا اور رام بن اور بانہال کے میدانی علاقوں میں بارشوں کا یہ سلسلہ وقفے وقفے سے بدھ کی شام تک جاری تھا۔ اس دوران پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے بشمول جواہر ٹنل ٹاپ اور مہو منگت کے علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی ہے اور سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔اس دوران ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت معمول کے مطابق جاری ہے اور بارشوں کے باوجود سینکڑوں کی تعداد میں مسافر اور مال گاڑیوں نے اپنی اپنی منزلوں کا سفر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جمعرات کے روز موسم اور شاہراہ کی بہتر صورت کے پیش نظر معمول کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت ہوگی۔
ڈوڈہ
محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے عین مطابق بدھ کو بعد دوپہر ڈوڈہ ضلع کے میدانی علاقوں میں بارش و پہاڑوں پر تازہ برفباری کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق اتوار و پیر کو متواتر دو روز تک بارش و برفباری جاری رہنے کے بعد منگل کو مطلع صاف رہا تاہم بدھ کو دوپہر تک موسم ابر آلود رہا اور بعد دوپہر میدانی علاقوں میں بارش و پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری شروع ہوئی۔ بارشوں سے جہاں ڈوڈہ ٹھاٹھری قومی شاہراہ سمیت اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکوں پر بھاری پھسلن پیدا ہوئی وہیں متعدد علاقوں میں پانی و بجلی نظام بھی متاثر ہوا جبکہ خطہ میں سردی کی لہر دوڑ گئی ہے۔