محمد تسکین+ عاصف بٹ +اشتیاق ملک
جموں// خطہ چناب کے بالائی علاقوں میں برف باری اور جموں کے میدانی علاقوں میں بارشوں سے معمولات زندگی متاثر ہوگئے ہیں اور ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اس دوران چناب کو کشمیر سے جوڑنے والی دو شاہراہیں بند ہوئیں جبکہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر آمد ورفت جاری رہی ۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے عین مطابق بالائی علاقوں میں برف باری ہوئی جبکہ چناب و میدانی جموں کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں ۔جموں ،کٹھوعہ ،سانبہ ،ادھم پور اور ریاسی کے میدانی علاقوں میں جم کر بارشیں ہوئیں اور درجہ حرارت میں کمی ہوئی جبکہ کٹھوعہ کے بنی بسوہلی علاقہ اور ریاسی کے پہاڑوں پر برف باری ہوئی ۔
بانہال
جمعرات کی صبح سے ہی رام بن۔ بانہال سیکٹر میں بارشوں کا شروع ہوا سلسلہ شام تک جاری تھا جبکہ مہو منگت سمیت بانہال اور رام بن کے پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی۔پہاڑوں پر برفباری اور میدانی علاقوں میں بارشوں کے باوجود جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی امدورفت بغیر کسی خلل کے جاری تھی اور جمعرات شام تک شاہراہ پر دونوں طرف کا ٹریفک چل رہا تھا۔جمعرات کی صبح سے ہی پیر پنجال کے پہاڑی سلسلے بشمول جواہر ٹنل ٹاپ ، نوگام ، چنجلو ٹاپ ، نیلہ ٹوپ ، مہو ، منگت ، سراچی ، نیل اور پوگل پرستان کے پہاڑوں پر برفباری ہورہی ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے ۔
کشتواڑ
ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ بدستورجاری ہے جبکہ سنتھن اننت ناگ قومی شاہراہ کو بھی آمدرفت کیلئے بند کردیاگیا۔ایس ڈی ایم چھاترو نے بتایاکہ سنتھن پر تازہ برفباری کے بعد سنتھن شاہراہ پر ٓامدرفت کو معطل کردیاگیااور این ایچ آئی ڈی سی ایل حکام کی جانب سے ہری جھنڈی ملنے کے بعد ہی شاہرہ پر ٓامدورفت کو بحال کیا جائیگا۔مرگن ٹاپ پر بھی کئی انچ تازہ برفباری درج کی گئی تاہم باوجود اسکے سڑک پر گاڑیوں کی آواجاہی بلاخلل جاری رہی۔ضلع کے دیگر اوپری علاقہ جات میں بھی کئی انچ تازہ برفباری درج کی گئی ۔ میدانی علاقوں میں دن بھر بارشیں ہوتی رہیں جس سے درجہ حرارت میں بھی نمایاںکمی درج کی گئی۔
ڈوڈہ
محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے عین مطابق جمعرات کی صبح ڈوڈہ، بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ بھلیسہ کے بالائی علاقوں میں برفباری و بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے دن بھر جاری رہیں۔بارشوں و برفباری کے باعث جہاں ضلع میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے وہیں متعدد دیہات میں بجلی نظام متاثر ہوا ہے تاہم اس دوران ضلع کی سبھی رابطہ سڑکوں پر ٹریفک معمول کے مطابق بحال رہا ۔
وادی چناب سردی کی لپیٹ میں ، پرائمری سطح تک سرمائی تعطیلات کی مانگ
اشتیاق ملک
ڈوڈہ // وادی چناب میں سخت سردیوں کی وجہ سے جہاں عام لوگ پریشان ہیں وہیں اسکولی بچوں کو بھی کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس دوران سیول سوسائٹی و بچوں کے والدین نے کشمیر و لداخ میں سرمائی تعطیلات کا اعلان کرنے کے حکومتی فیصلے پر حیرانگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ خطہ چناب بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے لیکن سرکار نے اس خطہ کو نظر انداز کیا۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے متعدد علاقوں سے آئے عوامی وفود نے کہا کہ پرائمری سطح تک کے بچوں کو سرمائی تعطیلات ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کی کمی کے باعث چھوٹے بچوں کو اسکولوں میں کافی سردی لگتی ہے جس کی وجہ سے نزلہ، زکام، بخار و کھانسی عام ہو گئی ہے۔ترجمان ڈوڈہ سیول سوسائٹی اشتیاق احمد دیو، بھلیسہ ڈیولپمنٹ فرنٹ کے صدر محمد حنیف ملک، سماجی کارکن ایڈووکیٹ محمد ماجد ملک نے سرمائی تعطیلات کے حوالے سے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خطہ میں سردی کی شدت لہر دوڑ گئی ہے اور درجہ حرارت بھی گراوٹ آئی ہے جس کے باعث چھوٹے بچوں کو کافی پریشانی سے گذرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شدید سردی سے بچوں کی صحت پر بھی برا اثر پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکار نے لداخ و وادی کشمیر میں سرمائی تعطیلات کا اعلان کیا لیکن صوبہ جموں کے سرمائی زون کو نظر انداز کیا۔انہوں نے ایل جی انتظامیہ سے وادی چناب میں پرائمری سطح تک فوری طور پر سرمائی تعطیلات کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔