اشتیاق ملک+عاصف بٹ
چناب //خطہ چناب بالخصوص ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع میں مسلسل چوتھے روز بھی بارشیں اور برفباری کا عمل جاری رہا جس کی وجہ سے عام زندگی پوری طرح سے مفلوج ہو کر رہ گئیں ۔ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں چوتھے روز بھی برفباری و بارشوں کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں عوامی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ موسم کی خرابی کے باعث انتظامیہ کی ہدایت پر موسم کی خرابی کے باعث تعلیمی ادارے بند رہے۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کو ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا کا سلسلہ بدھ کو بھی جاری رہا جس کی وجہ سے رابطہ سڑکیں زیر آب ہوئیں اور بیشتر علاقوں میں میں پانی و بجلی نظام متاثر ہوا وہیں اندرونی دیہات کی رابطہ سڑکوں پر بھاری پھسلن، دلدل و وقفے وقفے سے پتھر گرنے کے باعث ٹریفک کی آمدورفت معطل رہی۔ پچھلے چار روز سے جاری برفباری، بارشوں و تیز ہواؤں سے سب ڈویڑن گندوہ، ٹھاٹھری و دیگر مضافات میں رہائشی و غیر رہائشی مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے تاہم انتظامیہ نے متاثرہ کنبوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ ایس ڈی ایم گندوہ ارون کمار بڈیال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تمام محکموں کو متحرک کیا گیا ہے اور عوامی سہولیات کے لئے 24×7 کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعمیرات عامہ و پی ایم جی ایس وائی سے رابطہ سڑکوں کی بحالی و محکمہ جل شکتی ،بجلی و دیگر محکمہ سے پانی، بجلی نظام کو بحال کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ ایڈیشنل ڈی سی بھدرواہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برفباری کی وجہ سے بالائی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کا خدشہ ہے۔ انہوں لوگوں و باہر سے آئے سیاحوں سے پہاڑوں کی طرف نہ جانے کام مشورہ دیا ہے۔ ضلع و سب ڈویڑنل انتظامیہ نے لوگوں سے خراب موسم کے دوران پہاڑی علاقوں و ندی نالوں کا نہ کرنے و ایمرجنسی سروسز کے ہیلپ ڈیسک کے نمبرات پر رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ضلع کشتواڑ کے بالائی و میدانی علاقوں میں بدھ کو چوتھے روز بھی مسلسل بارشوں وبرفباری سے عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی جسکے سبب عوام کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اگرچہ بدھ کوموسم ملاجالا رہاتاہم سردی سے عام زندگی پر گہرا اثر پڑھا۔ضلع کے بالائی علاقہ جات میں چوتھے روز بھی برفباری کا سلسلہ بدستور جاری ہے جسے ان علاقہ جات میں عام زندگی بری طرح مفلوج ہوکررہ گئی ہے۔ سب ڈویژن مڑواہ کے واڑون و مڑواہ میں بھاری برفباری کی اطلاع ملی ہے ۔واڑون کے مرگی انشن رکنواس گمر و دیگر مقامات پر قریب تین فٹ تک برف جمع ہونے کی اطلاع ملی ہے جسے اس علاقے کا زمینی ہوائی و موصولاتی رابطہ مکمل طور منقطع ہوگیاہے۔ مڑواہ سے ملی اطلاع کے مطابق علاقہ میں قریب ڈیڈھ فٹ سے زائد برفباری ہوئی ہے۔وہی دچھن کے علاقہ جات میں بھی قریب ایک فٹ تک برفباری کی اطلاع مل رہی ہے ۔دچھن کو جوڑنے والی واحد سڑک تیسرے روز بھی آمدرفت کیلئے بند رہی جبکہ علاقہ ہنوز گھپ اندھیرے میں ڈوبا ہوا ہے۔ وہی سب ڈویژن پاڈر سے ملی اطلاعات کے مطابق مچیل اشتہاری گھندھار پاڈر میںبھی ایک فٹ تک برفباری ہوئی جسے ان علاقہ جات میں عام زندگی مفلوج ہوکررہ گئی ہے۔ سب ڈویژن چھاترو سے ملی اطلاعات کے مطابق علاقہ میں بھاری برفباری ہوئی۔علاقے میں گزشتہ کئی روز سے بجلی سپلائی نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کی پریشانیاں بڑھتی ہی جارہی ہیں ۔علاقے میں متعدد مقامات پر بجلی کی ترسیلی لائنیں و کھمبوں کو نقصان پہنچا ہے جنھیں ابتک بحال نہیں کیا جاسکا۔ وہی آج بھی متعدد اندرونی سڑک رابطے بند پڑے ہوے ہیں جسے لوگ گھروں میں ہی محصور ہوکرر ہ گئے ہیں ۔ بونجواہ درابشالہ و سروڑ کے دیگر علاقہ جات کا حال بھی انتہائی خستہ ہے ۔ان علاقوں میں پانی کی سپلائی کیساتھ ساتھ بجلی کی سپلائی میں بھی خلل آگیا ہے ۔سنتھن و مرگن سڑکیں آمدرفت کیلئے ہنوز بند پڑی ہوئی ہیں۔سنتھن ٹاپ پر قریب پانچ فٹ تک برفباری ہوئی ہے ۔وہی میدانی علاقوں میں اگرچہ دن بھر موسم اابرالودرہا تاہم دوپہر کو ہلکی برفباری ہوئی۔قصبہ میںبھی بجلی کی آنکھ مچولی رہی ۔ضلع میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ نے ہیلپ لاین نمبرات جاری کے ہیں اور لوگوں سے ا ن پر رابطہ کرنے کو کہاگیاہے۔