رام بن//مسلسل برف باری اور بارشوں سے تین روزتک وادی چناب کی بیشتر سڑکیں بند ہیں تاہم تین دن تک بند رہنے کے بعد کئی اہم سڑکوں کو ٹریفک کے لئے بحال کر دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ضلع رام بن کے تمام لنک روڈ راجگڑھ،گول، اُکھرال، کھاری سڑکوں کو بھی ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے۔یہ تمام سڑکیں جو کہ تحصیل ہیڈکوارٹروں کو ضلع ہیڈ کوارٹر کے ساتھ جوڑ رہی ہیں،پسیاں گر آنے کی وجہ سے بند ہوگئی تھیں ،جنھیں متعلقہ ایجنسیوں نے ہٹایا ہے۔ نیشنل ہائی وے کے ٹریفک پولیس نے بھاری اور ہلکی گاڑیاں چلانے والے ڈرائیوروں کو صلاح دی ہے کہ وہ اپنی گاڑی کو کسی بھی پسیاں گر آنے والے علاقوں میں پارک نہ کریں ،خصوصاً رام بن سے بانہال ،بانہال سے جواہر ٹنل وغیرہ سڑکو ںپر گاڑیاں پارک کرنے سے منع کیا گیا ہے۔کشتواڑ سے سنتھن ٹاپ روڈ بند ہے جب کہ بھدرواہ چمبہ اور بھدرواہ بسوہلی سڑکوں کو بھی فی الحال گاڑیوںکی آمد و رفت کے لئے کھولے جانے کا سردست کوئی امکان نہیں ہے ۔ اس دوران پہاڑی علاقوں میں ہوئی برف باری سے درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہوئی ہے ۔ لوگوں کا اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں دقتیں پیش آ رہی ہیں جب کہ پہاڑوں پر عبور و مرورمشکل ہو کر رہ گیا ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ قریب تین ماہ تک کی خشک سالی کے بعد گیارہ دسمبر کو برف باری ہوئی تھی جس سے خطہ چناب میں اگر چہ خشک سالی کا خاتمہ ہو گیا تھا لیکن ایک سے سات فٹ تک ہونے والی برف باری کی وجہ سے معمولات زندگی بری طرح سے متاثر ہوئے ہیں ۔