رام بن
ایم ایم پرویز
ضلع رام بن میں بھی عید میلاد النبی ﷺ کی تقریب نہایت ہی مذہبی جوش و احترام کے ساتھ منائی گئی، جس میں مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقعہ پر خصوصی پروگرام منعقد کئے گئے اور عید میلاد کا جلو س برآمد کیا گیا۔بانہال، رام بن ،بٹوت ، گول ،چندر کوٹ اور ضلع کے دیگر مقامات سے بھی جلوس برآمد کئے گئے۔لوگوں نے اس موقعہ پر ایک دوسرے کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارک باد پیش کی اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ اس متبرک موقعہ سے مسلم طبقہ میں امن وآشتی قائم رہے گی۔ اس سلسلہ میںجامع مسجد میتراں سے ایک عظیم جلوس برآمد کیا گیا جو کہ جموں ۔سرینگر قومی شاہراہ کی اولڈ ائیلائنمنٹ سے شروع ہوتے ہوئے مختلف بازاروں سے ہوتے ہوئے میتراں میں اختتام پذیر ہوا۔جمعہ نماز سے قبل مقررین نے مسلمانوں کو عید میلاد النبی ﷺ کی مبارک باد پیش کی۔اہل سنت و الجماعت کے جنرل سیکرٹری مولانا مفتی حسیب الحسن ،جو کہاس موقعہ پر خصوصی مدعو تھے، نے شا ہی مسجدمیتراں میںمسلمانوں پر زور دیا کہ موجودہ دور میں اسلام کو عملی طور پر لاگو کرنے اور پیغمبر محمدؓ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی سخت ضرورت ہے۔عید میلاد منانے کے لئے ضلع بھر میں سیکورٹی کے معقول انتظامات کئے گئے تھے۔حُکام نے تقریب پُر امن طور سے منانے کیلئے پولیس اور سی آر پی ایف کی اضافی کمک تعنیات کی تھی۔
بانہال
محمد تسکین
عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تقریبات کے سلسلے میں بانہال میں کئی تقاریب کا انعقاد کیا گیا اور درود وسلام کی محفلیں منعقد کی گئیں۔ جموں سرینگر شاہراہ پر میلاد النبی کا ایک بڑا جلوس نکالا گیا جبکہ بانہال پارک میں اسلامی جھنڈے کو سلامی دی گئی۔اس کے علاوہ عید گاہ بانہال اور زیارت دستگیر صاحب کراوہ میں سیرت النبی جلسے منعقد کئے گئے۔ اس موقع پر مقررین نے نبی آخری زمان محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارک اور تعلیمات پر مفصل روشن ڈالی۔ اس موقع پر پولیس نے سخت حفاظتی انتظامات کر رکھے تھے۔ بانہال اور اس کے اطراف سے ائے ہوئے سینکڑوں کی تعداد میں فرزندان توحید اور عاشقان رسول نے جموں سرینگر شاہراہ پر ایک جلوس نکالا گیا جو گنڈ عدلکوٹ اور قصبہ بانہال کے درمیان نکالا گیا۔ اس جلوس میں شامل شرکاء اسلام کے حق اور اسلام کی سربلندی کے نعرے بلند کر رہے تھے۔ مرکزی جامع مسجد بانہال کے متصل پارک (سابقہ عیدگاہ) میں بانہال کے مختلف علاقوں سے لوگ جلوس کی شکل میں اسلامی نعرے بلند کرتے ہوئے پہنچے اور وہاں پر عبدالرحمان دیوانہ بھدرواہی کی لکھی گئی نعت نظم پڑھکر اور فلک شگاف نعروں سے پرچم اسلام کو جوش وجذبے اور عقیدت کے ساتھ لہرایا گیا اور فلگ شگاف نعروں کے ساتھ پرچم اسلام کو سلامی پیش کی گئی۔ اس موقع پر مرکزی جامع مسجد بانہال کے امام مو لانا نظیر احمد ، خطیب عبدالاحد مسرور بانہالی کے علاوہ امام جامع مسجد ناگبل غلام علی کلیم کے علاوہ مرکزی جامع مسجد کمیٹی کے صدر عبدالغنی تانترے بھی موجود تھے ۔پرچم لہرانے کی اس تقریب میں گنڈ عدلکوٹ ، بانہال ، کراوہ ، کسکوٹ ، بنکوٹ وغیرہ کے علاقوں میں سینکڑوں کی تعداد میں فرزندان توحید موجود تھے۔ سیرت کمیٹی بانہال کی طرف سے عید گاہ بانہال میں ایک سیرت کا نفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں مبلغ اسلام و النور ٹرسٹ سرینگر کے پرنسپل مولانا ارشد ندوی مہمان خصوصی کے طور پر مدعو تھے ۔ اس موقع پر مولانا ارشد ندوی نے سیرت نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے امت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ اللہ اور نبی کریم کے بتائے ہوئے طریقے کو اختیار کرکے اپنی زندگی گذاریں تاکہ انہیں دونوں جہانوں میں کامیابی مل سکے کیونکہ کامیاب زندگی کا راز صرف اور صرف اسلامی تعلیمات میں پنہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر آخرزمان محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم سیرت پاک اور تعلیمات ہمارے سامنے ایک روشن پہلو کی طرح ہیں اور ہمیں بھی اسی کے مطابق اپنی زندگی کو گذارنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے تاکہ کل روز قیامت اللہ کے حضور امت محمدی کو سرخروی حاصل ہو سکے۔ یہ سیرتی کا نفرنس صبح دس بجے سے شروع ہو کر بعد دوپہر نماز جمعہ تک جاری رہی۔ اس موقع پر مولانا ارشد ندوی کے علاوہ امام جامع مسجد عید گاہ بانہال مفتی خورشید احمد اور دیگر علماء بھی موجود تھے ۔ اسی طرح غوثیہ جامع مسجد زیارت دستگیر صاحب کراوہ بانہال میں بھی ایک سیرتی کا نفرنس کا انعقاد کیا گیا ، جہاں پر امام جامع مسجد غوثیہ مولانا محمد امین وانی نے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیر ت طیبہ پر مفصل روشنی ڈالتے ہوئے ان کے بتائے ہوئے طریقوں پر زندگی گذارنے کی تلقین کی تاکہ دین و دنیا کے تمام شعبوں میں مسلمانوں کو کامیابی حاصل ہوسکے ۔ شاہراہ پر واقع جامع مسجد ٹھٹھاڑ ،بانہال میں بھی عید میلاد النبی کی تقریبات کے سلسلے میں ایک سیرتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا تھا جہاں پر درود و سلام اور زکر و اذکار کی محفل منعقد کی گئی اور نبی آخر زمان محمد رسول اللہ صلہ اللہ علیہ وسلم کی سیرت پاک اور انکی تعلیمات پر روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر اسلام کی سربلندی اور مسلمانوں کے باہمی اتفاق اور اتحاد کیلئے بھی دعائیں کی گئیں۔ عید میلاد النبی کی تقریبات کے سلسلے میں پولیس نے بانہال کے تمام علاقوں میں سخت حفاظتی انتظامات کر رکھے تھے اور تمام تقریبات اور میلاد کے جلسے و جلوس پرامن طریقے سے اپنے اختتام کو پہنچے۔
گول
زاہدبشیر
پوری دنیا کے ساتھ ساتھ ریاست جموںو کشمیر میں بھی یومِ ولاد ت با سعادت منائی گئی ۔ اس سلسلے میں گول سب ڈویژن میں بھی تقریبات کا انعقاد ہوا۔ سب سے بڑی تقریب صدر مقام گول میں منعقد ہوئی جہاں جامع مسجد گول میں صبح سے ہی نعت خوانی کا اہتمام کیا گیا اور بعد میں گول بازار میں جلوس برآمد ہوا۔ جامع مسجد میں علماء کرام نے اسوۃ حسنہ پر روشنی ڈالی اور رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات پر ہی دنیا آخرت کی کامیابی مضمر ہے ۔ اس موقعہ پر علماء کرام نے بناء عشق رسول ﷺ کو ایمان سے خالی قرار دیا اور کہا کہ عشق رسول ﷺ ان کے طور طریقوں پر چلنے سے ہی پورا ہو گا ۔ وہیں سنگلدان ، مہور و دوسری جگہوں پر بھی میلاد النبی ﷺکی تقریبات کا انعقاد ہوا جہاں علماء کرام نے رسول اکرم ﷺ کی زندگی پر بیان کیا اور کہا کہ ہمیں سنتوں کا پابند رہنا چاہئے اور اُسی میں دنیا وآخرت کی کامیابی مضمر ہے ۔
بٹوت
ارشد کاظمی
عیدمیلادالنبیﷺ کے مبارک موقع پر قصبہ بٹوت میں مسلمانان بٹوت کی جانب سے پُروقار تقریبات کا انعقاد عمل میں لایا گیا اس سلسلے میں سب سے بڑی تقریب مرکزی جامعہ مسجدبٹوت اور جامعہ مسجد قدیم بٹوت میں منعقد ہوہیں جن میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید ورسالت نے عشق نبی ﷺ کے جذبے سے سرشار ہوکرشرکت فرمائی۔آج صبح نماز فجر کی آدائیگی کے بعد قصبہ بٹوت و گرد ونواح کے علاقہ جات سے تعلق رکھنے والے فرزندان توحید و رسالت کی ہزاروں پر مشتمل تعداد بھدرواہ موڑ چوک بٹوت کے مقام پر اکھٹی ہوئی اورپھر وہاں سے جلوس کی صورت میں بٹوت کے مختلف بازاروں سے گزرتے ہوے بٹوت کی مرکزی جامعہ مسجدبٹوت پہونچی اوروہی پرمیلاد النبی کا جلوس اختتام پذیر ہوا۔اس مبارک دن کے موقع پر مرکزی جامعہ مسجدبٹوت میں مولانامحمدانذل وانی اورجامعہ مسجد قدیم بٹوت میںوادی کشمیر سے تعلق رکھنے والے اسلامی سکالرمولانا غازی معین اسلام نے دین اسلام میں فلسفہ توحید ورسالت کے موضع کے ساتھ ساتھ رب کائنات اللہ تبارک تعالیٰ کے آخری محبوب نبی بر حق حضرت محمدﷺ کی مبارک اسواء حسنہ کے مختلف پہلوں پرتفصیل سے روشنی ڈالی۔
ڈوڈہ
نمائندہ عظمیٰ
ڈوڈہ//ڈوڈہ میں بھی عید میلاد النبی ﷺکی تقریب منانے کیلئے وادی چناب کے دیگر علاقوں کی طرح کئی پروگرام منعقد کئے گئے۔ضلع ڈوڈہ میں خاص پروگرام ڈوڈہ قصبہ میں منعقد کی گئی،جہاں پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد مرکزی جامع مسجد میں میلادکا جلوس برآمد کرنے کے لئے اکٹھا ہوئے،جلوس نہرو چوک علاقہ میں داخل ہوتے ہوئے گتو محلہ،عید گاہ روڈ، استھا ن محلہ، بھرت روڈ سے ہوتے ہوئے عید گاہ ڈوڈہ میں اختتام پذیر ہوا،جہاں پر مذہبی لیڈروں نے خطبہ پیش کیا۔جلوس کی قیادت جامع مسجد ڈوڈہ کے امام خالد نجیب سہر وردی کر رہے تھے۔اجلاس کا آغاز قران پاک کی تلاوت سے کیا گیا جسکے بعد نعت ء رسول منعقد کی گئی۔عید گاہ ڈوڈہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سہر وردی نے خُطبہ پیش کیا۔اور آجکل کے دور میں اسلام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں امن ، محبت اور بھائی چارہ کا درس دیتا ہے۔انہوں نے اجتماع کو پیغمبر محمد کی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔مختلف مذہبی، سماجی اور کاروباری طبقہ نے سڑکوں اور دوکانوں پر لوگوں کو مبارک باد دینے کے لئے بینر لگائے تھے۔۔سینئر ایڈمنسٹریٹو افسران بشمول ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ بھوانی رکوال ،ایس ایس پی ڈوڈہ محمد شریف ،ایس پی آپریشنز، اے ایس پی دوڈہ وجے کمار کھلر ،تحصیلدار ڈوڈہ ناصر علی نٹنو اور ڈپٹی ایس پی ہیڈ کوارٹرز افتخار احمد قریشی بھی اس موقعہ پرجلوس میں موجود تھے ۔
بھدرواہ
طاہر ندیم خان
بھدرواہ //وادی چناب میں عید میلاد النبی ﷺ کی تقریب نہایت ہی مذہبی جو ش وجذبہ سے منائی گئی۔اس موقعہ پر وادی چناب میں متعدد پروگرام بشمول قران خوانی،درس قران، درس ہدیث،نعت خوانی شامل تھے۔اس متبرک موقعہ پر لوگ اپنی اپنی مساجد میں اکٹھا ہوئے ۔ اس سلسلہ میں بھدرواہ میں اہم تقریب تاریخی جامع مسجد بھدرواہ میں منعقد کی گئی جہاں پر سینکڑوں کی تعداد میں زائرین نے جلوس میں شرکت کی۔جلوس مسجد محلہ ،پسری بس اسٹینڈ،صدر بازار اور عید گاہ روڈ سے گُذرتے ہوئے جامع مسجد میں ہی اختتام پذیر ہوا۔میلاد النبی ﷺکا پروگرام قران کی آیات سے شروع کیا گیا ۔اس موقعہ پر سیرت النبی منعقد کی گئی اور نعت خوانی،درس ہدیث،درس قران بھی پیش کیا گیا۔اس موقعہ پر مقررین نے شرکا سے پیغمبر محمد ؓ کی بتائی ہوئی راہ پر چلنے کی تلقین کی، تاکہ ملک میں بھائی چارہ اور یکجہتی قائم رہے۔اس موقعہ پر لوگوں نے مٹھائیاں بھی تقسیم کیں۔انجمن اسلامیہ بھدرواہ کے صدر پرویز احمد شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیغمبر امن ، انصاف اور خوشحالی کے علمبردار ہیں۔جو دنیا میں کسی خاص طبقہ کے لئے نہیں آئی ہیں بلکہ عالمی انسانیت کی بقا کیلئے۔
کشتواڑ
نمائندہ عظمیٰ
کشتواڑ//جشن ء عید میلاد النبی کے سلسلہ میں ضلع کشتواڑ کے متعدد علاقوں میں تقریبات کا اہتمام کیا گیاجہاں پر سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے مساجد اور خانقاہوں میں حاضری دی۔ضؒع کے مختلف حصوں میںپیغمبر محمد کی زندگی پر روشنی دالی گئی۔ضلع کے مختلف علاقوں میں مذہبی خطبوں اور دعائیہ مجلسوں کا انعقاد کیا گیا ،جن میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس سلسلہ میں میلاد کا جلوس بھی برآمد کیا گیا جو جامع مسجدکشتواڑ سے شروع ہوتے ہوئے پولیس اسٹیشن کشتواڑ، تحصیل آفس کمپلیکس ،شہیدی روڈ،ڈاک بنگلہ چوک، بو ن استان،اسراریہ روڈ،فریدیہ چوک، سے ہوتے ہوئے صوفی سنت حضرت شاہ محمد فریدالسین بغدادی ؓپر اختتام پذیر ہوا،جہاں پر امن، آپسی رواداری اور مسلمانوں میں اتحاد کیلئے خصوصی دعائیہ مجلس منعقد کی گئی۔جامع مسجد کشتواڑ کے امام فاروق احمد کچلو نے اپنے خطاب میںمسلمانوں کو متحد ہونے اور سماج میں پھیلی برائیوں کا خاتمہ کرنے کی اپیل کی۔اس موقعہ پر سیکورٹی کے معقول انتظامات کئے گئے تھے۔متعدد لوگوں نے اس موقعہ پر پانی،جوس اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔