اسحق عارف
عید الاضحیٰ کے موقع پر ضلع صدر مقام ڈوڈہ میں خرید و فروخت کرنے آئے لوگوں کا تانتا پورے دِن جاری رہا لوگوں کی بھیڑ اور سڑک کنارے لگی دکانوں سے پورے بازار میں زبردست رونق پائی گئی جبکہ اس دوران ٹریفک حسب معمول متاثر رہا اور جگہ جگہ گاڑیوں کا جام دیکھنے کو ملا عید کی تیاریوں کا اب آخری دور ہے اور لوگوں نے اب خرید فروخت کو بھی تیز کرتے ہوئے عید کے مکمل انتظامات کر لئے ہیں قصبہ کے اندر متعدد جگہوں پر قربانی کے لئے بھیڑو اور بکرے کی خرید فروخت میں بڑے پیمانے پر قربانی کے جانور کی خریداری کی گئی جبکہ اب کی بار ضلع انتظامیہ کی طرف سے جاری شْدہ احکامات کے مطابق 160 فی کلو کے حساب سے ہی قربان کے جانور کی خرید فروخت ہوئی اور لوگوں نے لگ بھگ عید پر قربانی کے جانور کی خرید مکمل کر لی ہے۔قصبہ میں دکانوں میں زبردست بھیڑ پائی گئی جہاں چھوٹے بچّوں نے جم کر خریداری کرتے ہوئے رنگا رنگ مبلوسات کو پسند کیا اور عید کی خوشی میں بچّوں میں کافی جوش و خروش پایا گیا۔
محمد تسکین
ضلع رام بن کی مارکیٹوں میں عید کی خریداری کے سلسلے میں خاصا رش رہا تاہم یہ رش ماضی کی عیدالالضحیٰ کے مقابلے میں کچھ کم دکھائی دے رہا تھا اور جس کیلئے زمینداری اور گھاس کٹائی سب سے بڑی وجہ مانی جارہی ہے۔ بانہال کی مارکیٹ میں لوگ کھانے پینے کی اشیا اور سودا سلف کی خریداری کر رہے تھے جبکہ بچے اور خواتین ملبوسات کی خریداری میں بانہال قصبہ میں پہنچی ہوئی تھیں۔ لوگوں نے مختلف مارکیٹوں سے جم کر خریداری کی اور اس میں آج جمعہ کو مزید اضافے کا امکان ہے کیونکہ بیشتر سامان عید کے عرفہ کے روز ہی خریدا جاتا ہے۔
توصیف بٹ
قصبہ کے بازاروں میں عید الضحیٰ کے پیش نظر خاصی رونق دکھائی دے رہی ہے۔عید کے قریب آنے کے ساتھ ہی قربانی جانوروں کے کاروبار میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔کشتواڑ کے بازارو ں میں کافی بھیڑ دکھائی دے رہی ہے کیونکہ لوگ جوق در جوق خریداری کرنے کیلئے شہر کا رُخ کرتے ہیں۔بھیڑ و بکروں کے سیل پوائنٹ خریداروں کا اہم مرکز بنے ہوئے ہیں، جامع مسجد کے قریبجانوروں کی منڈی لگی ہے،جہاں پر روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں جانور فروخت ہو رہے ہیں۔قصبے کے اہم مارکیٹنگ پوائنٹ ڈریم شاپنگ سنٹرمتصل بس اسٹینڈ، اولڈ اور نیو بس اسٹینڈ، گدھالی چوک، شہیدی چوک اور ہڈیال چوک ہیں ،جہاں پر خریداروں کی کافی بھیڑ لگی رہتی ہے۔کشمیرعظمیٰ سے بات کرتے ہوئے بیشتر خریداروں نے الزام لگایا کہ دوکاندار نرخ ناموں پر عمل نہیں کر رہے ہیں اور من مانے قیمتوں پراشیاء فروخت کر رہے ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ اس پر کوئی چیکنگ نہیں کی جا رہی ہے۔ضلع انتظامیہ نے پہلے ہی عیدالضحیٰ کے لئے انتظامات کا جائزہ لیا ہے اور ضلع بھر میں سیکورٹی کے معقول انتظام کئے گئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔