بانہال //نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر بانہال سجاد شاہین نے ضلع بھر میں شالی کی کھڑی فصلوں کو لگی بیماری (Rice Blast ) سے ہوئے نقصان پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وہ آج یہاں کارکنوں کی ایک میٹنگ سے خطاب کررہے تھے۔ اپنے خطاب میں انہوںنے کہا ہے کہ اس بیماری سے شالی اور مکی کی فصلوں کو کافی نقصان ہوا ہے اور متعلقہ ایجنسیاں لوگوں کو اس بیماری سے خبر دار کرنے اور اسکا تدارک کرنے میں ناکام رہے ہیں۔انہوں نے فوری طور سے نقصانات کا جائزہ لینے اور محکمہ زراعت کے ماہروں کی ایک ٹیم فوری طور سے اس بیماری کے وجوہات اور اس پر قابو پانے کے لئے موقعہ پر بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ ا بیماری سے متاثرین کو معاوضہ فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے اس کام کیلئے محکمہ زراعت ۔ محکمہ مال کو کام پر لگانے کا مطالبہ کیا۔شاہین نے چوٹی کاٹنے کے واقعات پر بھی تشویش کا اظہار کیا جس سے سماج میں خصوصاً خواتین میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی مخلوط سرکار چوٹی کاٹنے والے مجرموں کی نشاندہی کرنے اور انہیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے ۔میٹنگ میں کئی تنظیمی امو رپر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور کارکنوں سے عوام کے مسائل اُبھارنے کے لئے کہا گیا ،تاکہ انکا ازالہ کیا جا سکے۔