خطہ چناب میں سڑک حادثات کی شرح میں مسلسل اضافہ جنوری سے جون تک 6ماہ میں 309حادثات ، 63افراد جاں بحق، 393 زخمی

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //خطہ چناب کی رابطہ سڑکوں پر پچھلے رواں سال کے ماہ جنوری سے لے کر جون کے آخر تک پیش آئے 309سڑک حادثات میں 63 افراد ہلاک و 393دیگر زخمی ہوئے ہیں۔محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے ماہ جنوری سے 30 جون تک ڈوڈہ ضلع میں پیش آئے 128سڑک حادثات میں 13لوگوں کی موت و 170افراد زخمی ہوئے ہیںوہیں ضلع کشتواڑ میں چھ ماہ کے دوران پیش 52سڑک حادثات میں 17لوگ جاں بحق و 63زخمی ہوئے ہیں اسی طرح ضلع رام بن میں چھ ماہ کے اندر 129 سڑک حادثات میں 33لوگ ہلاک و 160دیگر زخمی ہوئے ہیں. یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر خطہ چناب ایک ایسا علاقہ ہے جہاں پر باقی خطوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ اموات سڑک حادثات میں ہوتیں ہیں اور سینکڑوں لوگ عمر بھر کے لیے معذور بن جاتے ہیں۔ادھر سیول سوسائٹی نے ہر بار حکومت کی عدم توجہی و مقامی سیاسی نمائندوں کی عدم توجہی پر تنقید کرتے ہوئے خطہ میں سڑک حادثات کی روک تھام میں کمی لانے کے لئے بہتر رابطہ سڑکیں بنانے و ایس آر ٹی سی بسوں کی زیادہ سے زیادہ سروس فراہم کرنے کی مانگ کی ہے اور ناکارہ گاڑیوں، ناتجربہ کار لوگوں کو لائسنس اجراء نہ کرنے و ٹریفک نظام کی مضبوطی کیلئے محکمہ کو فعال بنانے کا مطالبہ کرتی آئی ہے تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ و متعلقہ حکام سڑک حادثات پیش آنے کے چند ہفتوں تک متحرک رہتے ہیں اور اس کے بعد کھل کھلا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔