محمد تسکین
بانہال // منگل اور بدھ کی درمیانی رات ضلع رام بن کے میدانی علاقوں میں مختصر وقت تک بارشیں ہوئیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں تازہ برفباری ہوئی ۔منگل کی شام سے رام بن ، بانہال سمیت ضلع رام بن کے علاقوں میں ہلکی ہلکی بارشیں ہوئیں اور تیز ہواؤں کا سلسلہ رات دیر تک جاری رہا ۔بدھ کی صبح جب لوگ بیداری ہوئے تو ضلع رام بن میں پیر پنچال پہاڑی سلسلے پر برف کی سفید چادر بچھ گئی تھی۔مہو منگت کی بستیوں کے علاوہ جواہر ٹنل ٹاپ ، چنجلو ، ڈولیگام ، سراچی ، نیل ، پوگل پرستان ، سمبڑ ، کھڑی ، ترگام ، گول اور راج گڑھ کی پہاڑیوں پر تازہ برفباری ہوئی ہے ۔ مہو منگت ، نیل اور پوگل پرستان کے کئی آبادی والے علاقوں میں ایک سے دو انچ برفباری ہوئی ہے جبکہ پہاڑوں تین سے چھ انچ تک برفباری ہوئی ۔بدھ کی دوپہر تک موسم ابرآلود رہا تاہم بدھ کی دوپہر بعد سے موسم صاف ہوگیا اور دھوپ نکل آئی ۔