خطہ چناب اور میدانی جموں میں شب قدر اور جمعتہ الوداع کے عظیم الشان اجتماعات

عاصف بٹ
کشتواڑ// جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ کی سبھی مساجد میںمسلمانوں نے شب قدر عقیدت و احترام کے ساتھ منائی۔ کرونا وائراس کے سبب دوسالوں کے بعد مساجدکے اندر بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔پوری رات قصبہ کی مساجدو خانقاہوں کے ساتھ ساتھ گھروں میں بھی خصوصی محفل و عبادات کا اہتمام کیا گیا۔ اگرچہ نوجوانوں ، بزرگوں و بچوں نے ساری رات مساجد میں گزاری تاہم خواتین صبح سحری تک گھروں میں ہی عبادت میں مشغول رہیں۔ لیلۃ القدر کی سب سے بڑی تقریب مرکزی جامع مسجد کشتواڑ میںہوئی جہاں نماز تروایح   کے بعد ہزاروںلوگوںنے رات بھرتلاوت قرآن پاک و دعائوں کیساتھ نعت پاک پڑھیںجبکہ قصبہ کی دیگر مساجدوں سنگرام بھاٹہ،پوچھال ،سرکوٹ ،چیرہاڑ ، ہستی ،سرتھل میں بھی شب قدر کا اہتمام کیا گیا تھا جہاں علماء کرام نے حضور اقدسؐ کی زندگی پر روشنی ڈالی اور  مسلمانوں پر زور دیا کہ اپنی باقی بچی پوری زندگی حضورؐ کے طریقہ کار پر گزاریں۔جمعتہ الوداع پر بھی ہزراوں کی تعداد میں لوگوں نے جمعہ کی ادا کی۔ضلع پولیس کی طرف سے قصبہ میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گے تھے۔ پوری رات پولیس و فورسز اہلکار مارکیٹ کا چکر لگاتے رہے جبکہ ایس ایس پی کشتواڑنے بھی رات بھر قصبہ کا دورہ کیاتاکہ کوئی بھی ناخوشگوارواقعہ پیش نہ آئے۔ بجلی کی انکھ مچولی بھی رات بھر جاری رہے جسکے سبب سخت پریشانوں کا سامنا کرنا پڑا۔ 

 

گول میں شب قدر گھپ اندھیرے میں گزری

مساجد میں درود واذکار و خطمات المعظمات کا ہوا اہتمام

زاہد بشیر

گول//شب قدر کی برکت والی رات پور ے سب ڈویژن میں گھپ اندھیرے میں گزری۔ گزشتہ روز شام چھ بجے کے قریب ہی بجلی الوداع کہہ گئی اور لوگوں کو امید تھی کہ بجلی آئے گی لیکن 33KVلائن میں خرابی آنے کی وجہ سے پورے سب ڈویژن میں بجلی کی سپلائی معطل کر دی ۔ اس دوران لوگوںنے بجلی کے انتظار میں پوری شب گزاری اور مساجد میں درود و اذکار و خطمات المعظمات کا اہتمام ہو ا۔ یہاں سب ڈویژن گول کے جامع مساجد جن میں بالخصوص مرکزی جامع مسجد گول، فرقان آباد جامع مسجد گول، سنگلدان باندن جامع مسجد ،مارکیٹ جامع مسجد سنگلدان ، داڑم جامع مسجد ، کینٹھہ، دلواہ، گگر سولہ کے علاوہ سب ڈویژن گول کی تمام جامع مساجد میں شب گزاری ہوئی ۔ اس دوران ملک کے ساتھ ساتھ جموںوکشمیر میں امن و امان ، آپسی بھائی چارے کے بارے میں دعائوں کا اہتمام ہوا۔ سب ڈویژن گول میں اس ماہ مبارک بالخصوص برکت والی رات شب قدر کے موقعہ پر مکمل طور پر بجلی کی سپلائی معطل کئے جانے پر عوام میں شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے اور کہا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو اس کے خلاف پورے سب ڈویژن میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ۔

 

لیلتہ القدر و جمعتہ الودع کے موقع پر مساجد میں کافی بھیڑ رہی 

ذکر و اذکار کی مجالس ،قرآن خوانی و نعت خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا 

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //لیلتہ القدر کے سلسلے میں جہاں ڈوڈہ ضلع کی شہر و گام کی مساجد میں خصوصی مجالس کا اہتمام کیا گیا وہیں جمعتہ الودع کے موقع پر بھی بھاری بھیڑ دیکھنے کو ملی۔دوران شب مساجد میں ذکر و اذکار کی مجالس منقعد ہوئیں اور قرآن خوانی و نعتیہ کلام بھی پڑھے گئے۔اس موقع پر علماء و ایماء مساجد نے پورے عالم کی امن، سلامتی و خوشحالی کے لئے دعائیں کیں۔جمعتہ الودع کے موقع پر مقررین نے امت مسلمہ و باالخصوص نوجوانوں سے قرآنی تعلیمات کے مطابق اپنی عملی زندگی گذارنے و آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے طریقوں کو اپنانے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ دین اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے جس میں دنیوی و اخروی زندگی کی کامیابی و کامرانی مضمر ہے۔انہوں نے سماج میں پھیلی جارہی بیماریوں کے خاتمے کیلئے والدین و سیول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی صیح تربیت کریں اور ہر وقت اپنی نگرانی میں رکھیں تاکہ وہ ان برائیوں سے دور رہ سکیں. اس موقع پر بھی خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔

 

را م بن میں بھی شب قدر اور جمعتہ الوداع پر روح پرور اجتماعات 

ایم ایم پرویز

رام بن// رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو شب قدر اور جمعتہ الوداع پورے ضلع رام بن میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔مسلمانوںکی ایک بڑی تعداد مسجدوں میں عزت اور احترام کے ساتھ نماز ادا کرنے کے لیے آئی تھی۔اس موقع پر مسلمانوں نے مساجد میں رات بھر عبادات کا اہتمام کیا۔قرآن مجید شب قدر میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پراسی شب نازل ہوا تھا، اس رات کو مسلم اصطلاحات میں خاص اہمیت حاصل ہے۔سب سے بڑی باجماعت نمازیں رام بن، بانہال، گول بٹوت،چندر کوٹ، رامسو اور دیگر مقامات کی عظیم الشان مساجد میں منعقد کی گئیں جہاں عقیدت مندوں نے اللہ تعالیٰ سے مغفرت اور اس کی رحمتیں مانگنے کے لیے مذہبی اجتماعات میں شرکت کی۔علماء کرام رمضان المبارک کی اہمیت پر خطاب کرتے ہوئے مسلمانوںکو اللہ اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے راستے پر چلنے اور اسلام کی تعلیمات پر مکمل عمل کرنے کی تلقین کی۔علمائے کرام نے اسلام کی تعلیمات اور شب قدر کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔مساجد میں مسلمانوں کے درمیان امن، خوشحالی اور یکجہتی کے ساتھ ساتھ اتحاد امت کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔انتظامیہ کمیٹیوں کی جانب سے ضلع بھر کی مساجد میں شب برات کے موقع پر خصوصی انتظامات کیے گئے تھے اور نماز تراویح کے بعدشب خوانوں کا مساجد میں آنا شروع ہو گیا۔