سمت بھار گو +عظمیٰ یاسمین+رمیش کیسر
راجوری // گزشتہ کئی روز سے ہونے والی موسلا دھار بارشوں کے نتیجے خطہ پیر پنچال میں لوگوں کو سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ تیز ترین بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی اور پانی کے بہاؤ کی وجہ سے زمینوں اور فصلوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے شدید بارشوں کے باعث جگہ جگہ لینڈ سلائیڈنگ ہو رہی ہے، جس کی وجہ سے ٹریفک متاثر ہو رہا ہے اور عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔جموں راجوری پونچھ قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت تین گھنٹے سے زیادہ معطل رہی کیونکہ راجوری کے ڈالوگرہ میں ایک عارضی پل بہہ گیا جبکہ ضلع کے دور دراز علاقوں میں کئی دیگر سڑکیں بھی لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند رہیں۔راجوری ضلع میں بدھ کی صبح موسلا دھار بارش شروع ہوئی اور دوپہر تک جاری رہی اور بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی۔عہدیداروں نے بتایا کہ اپ گریڈیشن کے کام کے دوران ڈالوگرہ میں ہائی وے پر بنایا گیا ایک عارضی پل بہہ گیا جس کے نتیجے میں سڑک بند ہوگئی اور گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔
ڈالوگرہ میں تین گھنٹے سے زائد گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی جس کے بعد عارضی پل کی تعمیر نو سے سڑک کو ٹریفک کے لئے بحال کر دیا گیا۔حکام نے بتایا کہ شاہراہ قریب تین گھنٹوں تک بند رہی کیونکہ اس پر بنایا گیا عارضی پل (منی پل) بہہ گیا جبکہ بارش کے پانی نے آس پاس کے زراعتی کھیتوں کو بھی نقصان پہنچایا۔اس دوران میتھیانی سے اوڈھن جانے والی سڑک بھی لینڈ سلائیڈنگ کے بعد بند ہوگئی۔پولیس حکام نے بتایا کہ سلائیڈ کلیئرنس کا کام شروع کیا گیا اور یہ گھنٹوں تک جاری رہا جس کے بعد سڑک کو ٹریفک کے لئے بحال کر دیا گیا۔اسی طرح چک مٹھیانی سے نرلا تک سڑک بھی نرلا کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہوگئی۔پولیس کے عہدیداروں نے مزید کہا کہ سڑک چار دنوں سے زیادہ بند رہی اور گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بحال کر دی گئی ۔شدید بارش کے درمیان بدھ کو ضلع میں تمام قسم کے تعلیمی ادارے بند رہے۔۔اس سلسلے میں ایک حکم ڈپٹی کمشنر راجوری نے ضلع میں شدید بارش کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کیا ۔
مکینوں نے بتایا کہ شدید بارشوں کے باعث مٹی کے تودے گرنے سے کئی مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور اکثر علاقوں میں ملبہ گرنے کے سبب ٹریفک جام رہتا ہے۔ وہیں، موسلادھار بارش کی وجہ سے، تھنہ منڈی سب ڈویڑن میں مکئی کی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے اور پسیاں گر آنے سے زمین مالکان کا کافی نقصان ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دنوں کے دوران ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل اور اور تحصیل انتظامیہ تھنہ منڈی نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ لوگ پھسلن والی سڑکوں پر سفر کرنے سے گریز کریں ، ندی نالوں کا رخ نہ کریں اور کسی بھی سڑک پر سفر کرنے سے پہلے انتظامیہ سے رابطے میں رہیں۔ دوسری جانب تھنہ منڈی کی متعدد پنچایتوں سے کافی نقصانات کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں تاہم ابھی تک کسی بھی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔راجوری ضلع میں ہوئی طوفانی بارشوں کی وجہ سے ندی نالوں اور دیائوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے دریائوں کے ملحقہ علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو احتیاط برتنے کی اپیل بھی کی گئی ہے ۔