راجوری +پونچھ //عید میلاد النبی ﷺ ملک اور جموں وکشمیر کے دیگر حصوں کی طرح خطہ پیر پنچال میں بھی عقید ت احترام کیساتھ منائی گئی ۔اس دوران کئی مساجد میں بڑے پیمانے پر تقریبات منعقد کی گئی تھی جبکہ کئی ایک علاقہ میں جلوس و ریلیوں کا اہتمام بھی کیاگیا ۔دونوں سرحدی اضلاع میں انتظامیہ کی جانب سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے تھے ۔سرحدی ضلع پونچھ کے صدر مقام کیساتھ ساتھ سرنکوٹ ،مینڈھر ،منکوٹ اور منڈی علاقوں کی مساجد میں پروگرام منعقد کئے گئے تھے جن کے دوران علماء و مذہبی سکالروں نے رسول پاک ﷺ کی تعلیمات پر خصوصی روشنی ڈالی ۔اسی طرح راجوری ضلع ہیڈ کوارٹر کیساتھ ساتھ تھنہ منڈی ،منجا کوٹ ،نوشہرہ ،کوٹرنکہ و دیگر علاقوں میں تقریبا ت کے دوان علماء نے اسلامک تعلیمات پر خصوصی روشنی ڈالتے ہوئے تلقین کی کہ رسول پاک ؐ کی تعلیما ت کو عام کرنے کیلئے بچوں کو دینی تعلیم کی جانب راغب کریں ۔راجوری ضلع ہیڈ کوارٹر کو عید میلاد النبی کی مناسبت سے کئی جلوس برآمد ہوئے جبکہ مرکزی جامع مسجد میں ایک پُر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس کے دوران مذہبی لیڈران و علماء نے اسلامک تعلیمات پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔تھنہ منڈی کے مختلف علاقوں میں میلادالنبی بڑے تزک و احتشام سے منائی گئی۔ اس موقع پر قصبہ تھنہ منڈی میں سماجی کارکن محمد یونس خان کی نگرانی اور حافظ محمد نصیرالدین نقشبندی کی قیادت میں ایک عظیم الشان جلوس محمدی نکالا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عاشقان رسولؐ نے حصہ لیا۔ یہ جلوس حسب روایت ڈگری کالج تھنہ منڈی سے شروع ہوا اور اپنے مقررہ راستوں ، مین بازار تھنہ منڈی اور غزالی مارکیٹ سے ہوتا ہوئے حنفیہ جامع مسجد ہسپلوٹ پہنچ کر ایک عظیم الشان جلسے میں تبدیل ہو گیا۔ اس دوران مختلف علاقوں سے نمودار ہونے والے کئی چھوٹے بڑے جلوس بھی بڑے جلوس میں ضم ہوئے جن میں بھاری تعداد میں عاشقان رسول شامل تھے۔اس کے علاوہ غوثیہ جامع مسجد تھنہ منڈی اور دیگر کئی مساجد اور میلاد کمیٹیوں کے تعاون سے درجنوں جلوس نکالے گئے جو حنفیہ جامع مسجد تھنہ منڈی پہنچ کرجلسہ میں شامل ہوگئے۔ جلسہ کی صدارت نامور عالم دین پروفیسر ڈاکٹر مفتی عبدالرشید قادری نے کی۔ حاجی افضل ضیاء نے تلاوت کلام مجید سے پروگرام کا آغاز کیا جبکہ رسول ﷺکے حضور گلہائے عقیدت بھی پیش کئے ۔اس اجلاس میں کشمیر اور اضلاع راجوری پونچھ سے کئی مقتدر علماء کرام ، مفتیان عظام اساتذہ اور طلباء کے علاوہ کئی دینی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر جماعت علماء اہلسنت یو ٹی جموں و کشمیر کے صدرمفتی مولانا مفتی محمد منظور رضا نعیمی نے کہا کہ در اصل میلاد مصطفیؐ کا اصل مقصد امن و سلامتی کا پیغام ہے۔انھوں نے کہا کہ مسلمانوں کی منزل عشق خداوندی اور عشق رسول ؐمیں فناہ ہو جانا ہے۔ مفتی منظور نعیمی نے کہا کہ معاشرہ بظاہر خوبصورت چمکتا دھمکتا تو نظر آرہا ہے مگر یہ اندر سے اخلاقی بے راہ روی، بیحیائی، آوارہ گردی، جھوٹ فراڈ، زناکاری چوری ، حسد و بغض، بد دیانتی، آوارہ گردی، والدین کی نافرمانی، نفسانی خواہشات، اور نشہ جیسی سماجی اور معاشرتی بیماریوں میں مبتلا ہو کر زوال کے آخری کونے تک پہنچ چکا ہے اور عمیق نظروں سے گردوپیش کے حالات کا جائزہ لینے کے بعد ایک بھیانک صورت حال نظر آتی ہے جس کی سب سے بڑی وجہ دین سے دوری ہے۔تھنہ منڈی کی غوثیہ جامع مسجد، حنفیہ جامع مسجد ہسپلوٹ، اکبری جامع مسجد باترونی اور صدیق اکبر جامع مسجد الال وغیرہ بھی پروگرام منعقد کئے گئے ۔کوٹرنکہ قصبہ کیساتھ ساتھ دیگر علاقوں کی مساجد میں تقریبا ت کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران سیرت رسول پاک ﷺ پر خصوصی روشنی ڈالی گئی ۔اس دوران کئی جگہوں پر جلوس کا اہتمام بھی کیا گیا ۔نوشہرہ میں بھی کئی مقامات پر جلوس و تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔سرحدی ضلع پونچھ میں عید میلادالنبیؐ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت کے ساتھ منائی گئی۔ نماز فجر کے بعد مساجد میں امت مسلمہ کے اتحاد، اتفاق اور ملک و ملت کی ترقی و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ رات کے وقت مساجد اور دیگر مقامات پر چراغاں کیا گیا۔ پونچھ کی مرکزی جامع مسجد سمیت دیگر مساجد میں محافل جشن میلاد النبیؐ مذہبی عقیدت و احترام سے منعقد کی گئی اور فضا درود و سلام‘ لبیک یارسول اللہ کے نعروں سے گونج اٹھی۔پونچھ قصبہ میں عید میلاد النبی کے سلسلہ میں مرکزی عید گاہ پونچھ میں ایک محفل میلاد منعقد کی گئی جس میں فرزندان توحید کے علاوہ مختلف مکتبہ فکر و شعبہ ہائے کی نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انسانیت کیلئے حسن اخلاق کا بہترین عملی نمونہ پیش کیا آپؐ کائنات میں بسنے والی تمام مخلوقات کیلئے رحمت بن کر تشریف لائے۔اس موقع پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے ہے مرکزی جامع مسجد کے امام و خطیب مفتی فاروق احمد مصباحی نے سیرت النبی ؐپر مفصل روشنی ڈالی۔ انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک بھر میں مسلمان کئی طرح کی پریشانی سے دوچار ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مرکزی سرکار اور جموں کشمیر کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا۔مینڈھر قصبہ میں عید میلاد النبی ؐکی مناسبت سے ایک جلوس برآمد ہوا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں عقیدت مندوں نے شرکت کی ۔یہ جلوس مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے واپس جامع مسجد مینڈھر میں جا کر اختتام پذیر ہوا جہاں پر میلاد کی مناسبت سے ایک پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا ۔مولانا محمد سلطان نقشبندی کی قیادت میں منعقدہ پروگرام میں مولانا عبدالحمید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔موصوف نے رسول پاکؐ کی جانب سے دئیے گئے پیغامات پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ان کے علاوہ دیگر علماء و مذہبی سکالروں نے بھی دینی تعلیمات کو عام کرنے کی تلقین کی ۔اسی طرح مینڈھر کے دارالعلوم محمودیہ قاسم نگر کی عظیم الشان جامع مسجد انور میں 18اکتوبر ۱۲ربیع الاول شب کو از مغرب تا دیر رات ایک اجلاس بنام ’’محفل ذکر مصطفی ‘‘ کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں علاقہ بھر سے کثیر تعداد میں عشاقان مصطفی نے شرکت کرکے اپنے قلوب کو تذکرئہ محبوب کل جہاں سے جلا بخش کر اپنے ایمان کو بڑھایا۔ اس منور مطہر مجلس کا آغاز حسب دستور تلاوت کلام پاک ،حمد باری تعالی سے ہوا پھر اولا دارالعلوم محمودیہ قاسم نگر مینڈھر کے طلباء نے سیرت النبیؐ کے عنوان پر اپنا مسابقتی پروگرام پیش کیا۔ اس پروگرام میں طلباء نے سیرت النبیؐ کے مختلف گوشوں ،ولادت مبارکہ ،ایام طفولیت،جوانی ،مکی زندگی ،مدنی زندگی ،آپ کا حلیہ مبارک ،شکل و صورت و غیرہ اہم عناوین پر خوبصورت انداز میں اپنی دلنشین تقاریر و نعتوں کو سامعین کے سامنے پیش کیا۔ بعد ازاں صدر مجلس تنظیم علمائے اہلسنت والجماعت ضلع پونچھ کے سنیئر نائب صدر ،دارالعلوم محمودیہ قاسم نگر مینڈھر کے بانی و مہتمم ،مرکزی جامع مسجد انور مینڈھر کے امام و خطیب مولانا فتح محمد کا ایمان افروز اور پرمغز خطاب ہوا جس میںموصوف نے سیرت النبی ؐکے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہاکہ اگر دنیا امن ،چین ،سکون، راحت چاہتی ہے تو دامن مصطفی ؐسے جڑجائے ۔مولانا نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کی تمام پریشانیوں ،دکھوں ،تکلیفوں ،بے چینیوں کا واحدحل درود شریف کی کثرت ہے۔ تحصیل منڈی کے متعدد مقامات پر بھی جشن محفل میلاد النبیؐ کا انعقاد کیا گیا تھا جن میں بیرونِ جموں و کشمیر اور مقامی علماء کرام نے ولادت با سعادت نبی ؐآخر الزمان کے حوالے سے فرزندانِ توحید سے خطابات کئے ۔ اس موقعہ پر شعراء کرام نے بھی بارگاہِ رسولﷺمیں نعت و منقب سے حاضری پیش کی۔ تحصیل منڈی میں جماعت رضاِ مصطفیٰ مرکزی جامعہ مسجد منڈی اور جماعت رضایِ مصطفیٰ آعلیٰ پیر راجپورہ منڈی کی طرف سے دو بڑی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا ۔سرنکوٹ کے علاقہ بفلیاز جامع مسجد غوثیہ میں عید میلاد نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد پر ایک عالی شان جلسے کا انعقاد کیاگیا جس میں مقررین نے امت کو کھلا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہر صورت نمازوں کی ادائیگی کریں اور تعلیمات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو عملی جامع پہنائیںتاکہ گمرائی سے بچا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ عقیدہ القران وسنت مطابق ہونا چائیے اور بد مذہبی سے بچنے کے کے لئے آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ وسلم نے جو جو ارشادات فرمائے ہیں ان زندگی کا حصہ بنا لیں۔
۔۔۔۔۔