حسین محتشم+عظمیٰ یاسمین
پونچھ// راجوری اور پونچھ اضلاع میں عیدالفطر مذہبی جوش و خروش اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، جس دوران عیدگاہوں، مساجد اور خانقاہوں میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ راجوری قصبہ کے علاوہ قصبہ کے مختلف علاقوں میں بھی روح پرور تقریبات منعقد ہوئیں۔ تحصیل درہال ملکاں میں بھی عید الفطر کی نماز بڑے تزک و احتشام اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ ادا کی گئی۔ اس مناسبت سے سب سے بڑا اجتماع مرکزی جامع مسجد درہال ملکاں میں ہوا جہاں پر انجمن علمائے اہل سنت صوبہ جموں کے صدر حافظ محمد سعید نقشبندی نے عید کی نماز پڑھائی۔ وہیں درہال میں عید گاہ چوکیاں میں بھی بھاری تعداد میں لوگوں نے عیدالفطر کی نماز ادا کی۔ نامور عالم دین حافظ محمد سعید نقشبندی نے اپنے خطبہ میں ماہ صیام کے اختتام پر عیدالفطر کی مناسبت سے سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے جموں کشمیر اور پورے ملک میں آپسی بھائی چارہ قائم رکھنے کی اپیل کی۔ اسی دوران ضلع پونچھ میں بھی عبدالفطر پر جوش و خروش دیکھا گیا۔ پونچھ میں سب سے بڑے اجتماع نے نماز عیدالفطر مرکزی عید گاہ پونچھ میں ادا کی۔ امام خطیب مرکزی جامع مسجد پونچھ میں مفتی فاروق احمد مصباحی نے نمازِ عید پڑھائی۔ اس دوران شہر کی دیگر مساجد اور کھلے مقامات پر بھی نمازِ عید کے اجتماعات ہوئے جہاں سب نے خوشی کے پرمسرت موقع پر ملک کی ترقی، فلسطینیوں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔جامع مسجد شریف بگیالہ پہنچ میں بھی نماز عید الفطر ادا کی گئی جہاں ہزاروں کی تعداد میں لوگ بارگاہ ایزدی میں سربسجود ہوئے۔حضرت علی علیہ السلام جامعہ مسجد پہنچ میں امام و خطیب مولانا امان حیدر رضوی کی قیادت میں نماز ادا کی گئی۔جامعہ مسجد شریف اہل حدیث پونچھ میں بھی ہزاروں کی تعداد میں فرزندان توحید نے نماز عید الفطر ادا کی۔ جس کے بعد لوگوں نے ایک دوسرے سے گلے مل کر باہمی رنجشوں کو بھلا کو عید سعید کی مبارک باد پیش کی۔عیدالفطر کے موقع پر کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت اقدامات کیے گئے تھے۔ مرکزی عید گاہ پہنچ میں ضلع ترقیاتی کمشنر پہنچ کے علاوہ پولیس اور سول انتظامیہ کے افسران نے بھی نماز عید الفطر ادا کی جبکہ عیدگاہ کے باہر حسب روایت ہندو مسلم سکھ عیسائی برادریوں کے اہم شخصیات نے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارک باد پیش کی۔ اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے تمام فونز کی عوام کو عید الفطر کی مبارکباد میں پیش کی۔عید الفطر کے موقع پر لوگوں بالخصوص بچوں نے خوشی کا بھرپور اظہار کیا اور عیدی بھی وصول کی۔ضلع پونچھ میں تمام مساجد مدارس اور عیدگاہوں میں ملک کی سلامتی کے ساتھ ساتھ فلسطین کیلئے حصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔