فرزندان توحید رات بھر شب خوانی میں محو رہے،ذکر الٰہی کی خصوصی محافل آراستہ
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// بر صغیر ہند و پاک کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر کے اضلاع راجوری پونچھ میں شب برات نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی، اس موقع پر مساجد میں شب برأت کے حوالے سے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے، جن میں علمائے کرام نے شب برأت کی فضیلت بیان کی۔ اس موقع پر سب ڈویژن تھنہ منڈی سمیت پورے خطہ کی بہت سی مساجد اور مزارات پر خصوصی شب بیداری کا اہتمام کیا گيا تھا اور فرزندان اسلام ساری رات عبادت اور خدا سے راز و نیاز میں مصروف رہے۔ اس کے علاوہ ذکر الٰہی کی خصوصی محافل، قرات قرآنی، حمد و نعت اور درود و سلام کی روح پرور مجالس کا بھی اہتمام کیا گیا۔ جہاں علمائے کرام، مشائخ عظام اور مذہبی دانشوروں نے شبِ نیمۂ شعبان کی فضیلت اور امت مسلمہ کے لئے اس کی اہمیت و فضیلت پر روشنی ڈالی۔ مساجد کے علاوہ گھروں پر بھی عبادات اور شب بیداری کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا، اس موقع پر اللہ سے گناہوں کی معافی اور عالم اسلام اور مسلمانوں کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ حنفیہ جامع مسجد تھنہ منڈی، غوثیہ جامع مسجد تھنہ منڈی، اکبری جامع مسجد باترونی اور جامع مسجد زیارت شاہدرہ شریف پر شب بیداری اور ذکر و اذکار کا خصوصی اہتمام کیا گیا تھا جہاں مدارسِ اسلامیہ کے طلباء علماء کرام اور عام مسلمانوں نے عبادت و ریاضت کی اور اللہ کے حضور پوری انسانیت کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا۔