سرینگر//حریت(گ)،عوامی مجلس عمل ،فریڈم پارٹی ،نیشنل فرنٹ، لبریشن فرنٹ،مسلم لیگ، انجمن شرعی شیعیان،مسلم کانفرنس،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس،ینگ مینز لیگ ، تحریک استقامت ، مسلم خواتین مرکز، اتحاد المسلمین، اسلامک پولٹکل پارٹی،سالویشن مومنٹ، پیپلز فریڈم لیگ، پیپلز لیگ ،پیروان ولایت،ڈیموکریٹک پولیٹیکل مومنٹ اورمحاذآزادی نے رڈبگ مکہامہ ماگام میں فورسز کے ساتھ ایک جھڑپ میں جاں بحق ہوئے تین جنگجوئوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کی قربانیوں کو کسی بھی حال میںفراموش نہیں کیا جائے گا ۔ حریت(گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں جو بھی خون خرابہ اور قیمتی انسانی زندگیوں کا اتلاف جاری ہے، اس کا بنیادی اور اصل سبب تنازعہ کشمیر کا حل طلب ہونا ہے اور اس مسئلے کے پُرامن حل میں جو سب سے بڑی رُکاوٹ حائل ہے، وہ بھارت کا غیر حقیقت پسندانہ اور ہٹ دھرمی پر مبنی رویہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پُرامن سیاسی سرگرمیوں پر عائد سخت ترین پابندیاں بھی سیاسی غیر یقیقنیت اور عدمِ استحکام میں اضافے کی باعث بن رہی ہیں اور اس کی وجہ سے نوجوان نسل سرفروشی کے راستے کا انتخاب کرنے پر آمادہ ہوجاتی ہے۔اپنے ایک بیان میں گیلانی نے کہا کہ کوئی دن نہیں، جب ہم اپنے لخت جگروں کے جنازے نہیں اُٹھاتے اور ان کی ماؤں اور بہنوں کو سینہ کوبی کرتے نہیں دیکھتے۔ مسئلہ کشمیر نے حقیقی معنوں میں ایک انسانی المیے کی شکل اختیار کی ہوئی ہے اور یہ خطہ ایک ماتم کدّے میں تبدیل ہوگیا ہے۔ حریت چیئرمین نے کہا کہ کشمیری قوم امن کی سب سے زیادہ خواہشمند اور ضرورتمند ہے، البتہ بھارت اس تنازعے کو صرف اپنی ملٹری طاقت کے ذریعے حل کرانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور وہ کشمیریوں کی ایک منصوبہ بند طریقے پر نسل کُشی کررہا ہے۔ حریت چیئرمین نے جاں بحق ہوئے نوجوانوں کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تبارک وتعالیٰ سے دست بدعا ہیں کہ وہ انہیں نعم البدل عطا کرے اور یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق نصیب کرے‘۔اس دوران سید علی گیلانی کی ہدایت پر بشیر احمد قریشی، عمر عادل ڈار، ظہور الحق گیلانی، فیاض احمد ملک اور منظور احمد ملک پر مشتمل تحریک حریت کے وفد نے نماز جنازوں میں شرکت کی۔ اس موقع پر تحریک حریت لیڈر بشیر احمد قریشی نے تعزیتی جلسوں سے خطابات بھی کئے ۔عوامی مجلس عمل نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے نماز جنازہ پر پابندی اور سوگواروں پر طاقت کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی رسومات پربزور طاقت قدغن ریاستی دہشت گردی کا بدترین نمونہ ہے۔تنظیم کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ظلم و جبر اور نا انصافیوں کے سبب یہاں کے نوجوان تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق بندوق اٹھانے پر مجبور ہو رہے ہیںکیونکہ حکومت ہند یہاں کے عوام خاص طورپر نوجوانوں کے جذبات اور احساسات کو سمجھنے کے بجائے فوجی قوت کے بل پر کچلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے جو بے حد افسوسناک اور قابل تشویش ہے ۔فریڈم پارٹی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی پیش کی گئی قربانیوں کا تقاضا ہے کہ ’ہم اُن کے مشن کی تکمیل میں اور جدوجہد آزادی کو اس کے حتمی انجام تک پہنچانے کے لئے آپس میں اتحاد قائم رکھتے ہوئے اور ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح منزل کی جانب اپنا سفر جاری رکھیں ‘۔ نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان نوجوانوں کے ہر خون کے قطرے کے بعد تحریک آزادی مزید قیمتی ہوتی جارہی ہے۔ لبریشن فرنٹ(ح) چیئرمین جاوید احمد میر نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی حکومت انتہا پسندانہ پالیسی اپنا کر سارے برصغیر میں آگ لگانے کے در پر کھڑی ہے۔مسلم لیگ ترجمان سجادایوبی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملت کے تقدس اور جموں کشمیر کی آزادی کیلئے اپنے گرم گرم لہوبہانے والے ہی حقیقت میں ملت و قوم کے معمار ہیں۔ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغاسید حسن نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے اور جب تک بھارت اس دیرینہ سیاسی تنازعہ کے تاریخی اور سیاسی پس منظر اور زمینی حقائق سے صرف نظر کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے، ریاست میں قیام امن کی کوششیں بارآور ثابت نہیں ہونگی۔مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس چیئرمین محمد احسن اونتو،ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی ، تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار اور مسلم خواتین مرکز کی چیئرپرسن یاسمین راجہ نے اپنے مشترکہ بیان میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان عظیم فرزندوں نے ایک عظیم مقصد کیلئے قربانی دی اور انصاف کا تقاضا ہے کہ قوم ان قربانیوں کی لاج رکھتے ہوئے اس مقصد کے ساتھ خلوص کے ساتھ جڑے رہیں۔ اتحاد المسلمین کے صدر مولانا مسرور عباس انصاری نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے رواں تحریک مزاحمت میں کشمیری عوام کی عظیم قربانیوں کو ناقابل فراموش قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ان قربانیوں کی بدولت ہی تحریک مزاحمت کو عالمی سطح پر اس قوم کی جائز کو باجواز جد وجہد کے طور پر پذیرائی مل رہی ہے۔ اسلامک پولٹیکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جوان وطن عزیز کی آزادی اور ملت کی سربلندی کے لئے اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔ سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری قوم کی طرف سے دی جانے والی قربانیاں ضائع نہیں جائیں گی اور کشمیر میں عنقریب ظلم و جبر کا اندھیرا ختم ہوجائے گا ۔چیئرمین کی ہدایت پر تنظیم کا ایک وفد مولوی رشید،مولوی مشتاق، معراج الدین راتھر،محمد شعبان اور عبدالرزاق نے جنازوں میں شرکت کی۔ پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان نے بڈگام میں بھارتی فورسز کے ساتھ تصادم آرائی کے دوران شہید ہوئے تین مجاہدین کو انکی شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہمارے یہ مجاہدین جذبہ آزادی سے سرشار ہمیں غلامی سے آزادی دلانے کیلئے ایک مقدس لڑائی میں اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور ان کا قوم پر جو قرض ہے اس کا بدلاآزادی کی عظیم نعمت کے سوا اور کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کی جدوجہد کو اجتماعی طورپر آگے بڑھانے ہماری قومی ، ملی اور تحریکی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں ہر فرد کو اپنا کردار اور رول نبھانا تحریک آزادی کا بنیادی مطالبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید وں کی قربانی ایک لازوال سرمایہ ہے اور تحریک مزاحمت کے عظیم کاروان سفر کا ایک سنہری باب ہے جس پر زندہ قومیں بجا طور پر فخر کرسکتی ہیں کیونکہ ہماری قوم کے یہ جانباز اپنی عظیم قربانیوں سے جس آزادی کے عنوان کو رقم کر کرہے ہیں وہ بجا طور تحریک آزادی کا سرمایہ افتخار ہے ۔انہوں نے کہا کہ دراصل ان نوجوانوںنے اپنی اُٹھتی ہوئی جوانیوں کا نذرانہ پیش کرکے بھارتی استبداد کو واضح پیغام دیا ہے کہ کشمیری قوم اپنے حق کو غصب کرنے کی کسی طور اجازت نہیں دے سکتی اور آزادی کا جو پیدائشی حق ان سے چھینا گیا ہے وہ اسے لے کر ہی دم لینگے۔ پیپلز لیگ ،پیروان ولایت اورڈیموکریٹک پولٹیکل مومنٹ چیئرمین فردوس احمد شاہ نے خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قربانیوں کو کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جائے گا ۔