مکہ مکرمہ/یو این آئی/ رواں سال 14 جون سے مناسک حج کا سلسلہ شروع ہو رہا ہے خطبہ حج اردو سمیت 20 بین الاقوامی زبانوں میں نشر کیا جائے گا۔دنیا بھر سے لاکھوں عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں اور مناسک حج کا آغاز جمعہ 14جون سے ہو رہا ہے۔ حج کا رکن اعظم وقوف عرفات ہفتہ کو ہوگا۔سعودی میڈیا ایس پی اے کے مطابق اس سال خطبہ حج اردو سمیت 20 بین الاقوامی زبانوں میں نشر کیا جائے گا اور یہ خطبہ دنیا کے ایک ارب سے زائد لوگ سن اور دیکھ سکیں گے۔خطبہ حج اسمارٹ موبائل فون، حرمین شریفین کی ویب سائٹ اور منارۃ الحرمین پلیٹ فارم کے ذریعے بھی پیش ہوگا۔اس حوالے سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کے لیے جنرل پریذیڈنسی عرفات کے خطبے کے لیے اب تک کا سب سے بڑا ترجمہ پروجیکٹ شروع کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ یہ 20 بین الاقوامی زبانوں میں بیک وقت ڈیجیٹل چینلز، پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کے ذریعے نشر ہوگا۔یہ اہم منصوبہ مملکت کے مذہبی روادری، اعتدال اور امن کے پیغام کو اجاگر کرنے،اسلام کی حقیقی تصویر اور اس کی اعلی اقدار کو ظاہر کرنے کی کوشش کرتا ہے۔