سرینگر// پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے کہا کہ مستقبل قریب میں بی جے پی ترنگے کو تبدیل کرے گی۔ محبوبہ مفتی نے کہا’’میں اس ملک کے شہریوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ آنے والے دنوں میں بی جے پی آئین کو ختم کردے گی‘‘ ۔انہوں نے مزید کہا’’ وہ اس آئین کو ختم کردیں گے جو جمہوریت اور سیکولرازم پر مبنی ہے اور اسے ایک مذہبی ملک بنادیں گے اور وہ ‘ترنگا’ کو بھی بدل دیں گے جسے آپ آج فخر کے ساتھ لہرا رہے ہیں‘‘ ۔پی ڈی پی صدر نے کہا’’اگر ہندوستان کے لوگ اب نہیں بیدار ہوئے تو بہت کچھ کھو جائے گا، کچھ بھی نہیں بچے گا ۔‘‘محبوبہ مفتی نے الزام لگایا کہ بی جے پی بھارت کے آئین اور پرچم کو اسی طرح بدل دے گی جس طرح انہوں نے جموں کشمیر کے آئین اور پرچم کو چھین لیا تھا۔ پی ڈی پی صدر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں نے 5 اگست 2019 کو جو چھینا تھا اسے واپس حاصل کرنے کا عہد کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے نہ صرف اپنا جھنڈا اور آئین واپس لینے کا عزم کیا ہے بلکہ انہیں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے مجبور بھی کیا ہے جس کے لیے لاکھوں لوگوں نے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔