یواین آئی
نئی دہلی// یہاں کی ایک خصوصی عدالت نے دہلی ایکسائز پالیسی میں مبینہ گھوٹالے سے متعلق منی لانڈرنگ کیس کے ملزم دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی درخواستوں پر جمعرات کو سماعت کے دوران مرکزی تفتیشی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی ) سے جواب طلب کیا ہے ۔ان درخواستوں میںکیجریوال نے طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت میں سات دن کی توسیع اور ضمانت کی استدعا کی ہے ۔دہلی کے راؤز ایونیو میں واقع کاویری باویجا کی خصوصی عدالت نے ای ڈی اور سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے معاملات میں متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد ای ڈی کو اپنا موقف پیش کرنے کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ یکم جون کو دوپہر دو بجے وہ اس معاملے کی اگلی سماعت کرے گی ۔مرکزی تفتیشی ایجنسی ای ڈی نے وزیراعلی کیجریوال کی گرفتاری کی درخواستوں پر عدالت کے سامنے اپنا موقف پیش کرنے کے لئے مہلت کی درخواست کی تھی۔ وزیراعلی کیجریوال، جنہیں لوک سبھا کی انتخابی مہم میں شامل ہونے کے لئے سپریم کورٹ کی طرف سے یکم جون تک کی عبوری ضمانت پر 10 مئی کو رہا کیا گیا تھا، نے اس معاملے میں پہلی بار خصوصی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی ہے۔