عارف بلوچ
اننت ناگ//وادی کشمیر میں رواں سال اب تک برف و بارش میں زبردست کمی دیکھی گئی جس کے باعث کئی معروف آبی ذخائر میں پانی کی سطح کم ہوگئی ہے۔مشہور مغل گارڈن اچھ بل میں پانی کی سطح میں کمی آگئی ہے اور باغ کے مرکزی چشمے خشک ہوگئے ہیں۔ ماہرین اس کی وجہ موسمی تبدیلیوں کو بتا رہے ہیں۔اچھ بل چشمہ جو سال بھر پانی سے بھرا رہتا ہے،تاہم اس قدرتی چشمہ میں پانی کی سطح کافی کم ہوگئی ہے۔جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق تاریخ میں پہلی بار اچھ بل چشمہ کی صورتحال دیکھنے کو ملی ہے۔مقامی شہری عبدالمجید کا کہنا ہے کہ انکی عمر 65سال ہے اور آج پہلی بار میں نے چشمہ میں اس حد تک پانی کی سطح کم دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ اس چشمہ سے قریباً 20 گاؤں کو پانی کی سپلائی جاتی ہے تاہم پانی کی سطح کم ہونے سے ان علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ آبی ذخائر کو صاف کیا جائے تاکہ مستقبل میں کسی بحران کا سامنا نہ کرنا پڑیں۔ادھر ماہرین کا ماننا ہے کہ مسلسل خشک سالی موسمی تبدیلی ہے اور اگر یہی صورتحال رہی تو پینے کے پانی کے ساتھ ساتھ کھیتی باڑی کے سیزن میں بھی کافی حد تک مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔