گلمرگ//گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور ڈائریکٹوریٹ سکول ایجوکیشن کشمیر نے مشترکہ طور گلمرگ میں ’’ خزاں گلمرگ2017‘‘ فیسٹول کا اہتمام کیا۔ فیسٹول میں لگ بھگ 150طلاب نے حصہ لیا جو مختلف سرکاری سکولوں سے آئے ہوئے تھے ۔ان کے علاوہ پیشہ وارانہ گالفرس نے بھی فیسٹول میں حصہ لیا جس کا افتتاح وزیر تعلیم سید محمد الطاف بخاری نے کیا۔ایک روزہ فیسٹول کے دوران گالف ، سائیکلنگ ، میراتھان،پینٹنگ کمپٹیشن ، ڈبیٹ و دیگر سرگرمیاں جاری رہیں۔اس کے علاوہ طلاب کے لئے گنڈولہ سواری کا بھی انتظام کیا گیا اس موقعہ پر ایم ایل اے گلمرگ محمد عباس وانی ، ایم ایل اے رفیع آباد ، یاور دلاور میر ، سابق وزیر دلاور میر ، سیکرٹری سکول ایجوکیشن فاروق احمد شاہ ، ڈی سی بارہمولہ ڈاکٹر ناصر احمد نقاش ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو ، سپیشل پروجیکٹ ڈائریکٹر رمسا طفیل متو، سی ای او گلمرگ سید حنیف بلخی، چیئرمین پرائیویٹ سکول ایسو سی ایشن جی این وآر ، چیئر مین مشتاق گروپ آف ہوٹلز ، مشتاق چایہ، ممتاز کاروباری افراد محمد شفیع ترنبو، کشمیر کے پیشہ وارانہ گالفر اور مختلف محکموں کے افسران موجود تھے۔تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا کہ یہ فیسٹول ڈائریکٹوریٹ آف سکول ایجوکیشن کی طرف سے چلائی جارہی سرگرمیوں کا ایک حصہ ہے جن کی بدولت طلاب کی کلہم جسمانی و ذہنی نشو و نما ممکن ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ موسم سرما کے دوران طلاب کے لئے سکینگ تربیتی کیمپ کا بھی اہتمام کرے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ہر ایک حلقہ انتخاب کے سی ڈی ایف میں سے 1.5فیصد رقومات ایجوکیشن ٹوروں کے لئے منظور کیا ہے۔وزیر نے کہا کہ پچھلے تین ماہ کے دوران رائیل سپرنگ گالف کورس میں گالف کیمپ جاری ہے جس میں مختلف سکولوں کے طلاب نے حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کیمپ کے اختتام پر اعلیٰ کار کردگی دکھانے والے تین طلاب کو گالف کورس میں مفت رجسٹریشن فراہم کی جائے گی۔نزدیکی یوتھ ہوسٹل کا دورہ کرنے کے دوران بخاری نے کہا کہ یہ ہوسٹل از سرنوتعمیر کیا جائے گا اور اس میں ایک آڈیٹوریم تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔ بعد میں وزیر نے طلاب میں حوصلہ افزائی کے لئے توصیفی اسناد اور مومنٹوز تقسیم کئے۔