عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //محکمہ موسمیات نے شدید برفباری کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے جس سے سطحی اور فضائی آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے یکم مارچ کو جموں و کشمیر میں ہلکی سے درمیانے درجے کی برفباری کی پیش گوئی کی ہے جبکہ پورے جموں و کشمیر میں اعتدال سے لے کر بہت زیادہ بارش اور برف باری کا امکان ظاہر کیاہے۔ جاری ایڈائزری میں کہا گیا ہے’جموں و کشمیر اور ملحقہ علاقوں میں 29 فروری کی شام سے مغربی ہوا کی ایک لہر داخل ہونے والی ہے جس کے زیر اثر جموں و کشمیر میں 29 فروری کی شام یا یکم مارچ کی صبح سے 3 مارچ کی دو پہر تک وسیع پیمانے پر درمیانی درجے کی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں جس کا زیادہ اثر 2مارچ کو رہے گا’۔ایڈوائزری کے مطابق اس دوران صوبہ جموں کے پیر پنجال رینج میں بھاری برف باری یا بارشیں ہوں گی جبکہ وادی کشمیر کے اننت ناگ، پہلگام ، کولگام، سنتھن پاس، پیر کی گلی، سونہ مرگ – زوجیلا، بانڈی پورہ – راز دان پاس، گلمرگ اور کپوارہ – سادھنا پاس پر بھاری برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کی ایڈوائزری میں کہا گیا کہ خراب موسمی صورتحال کے باعث وادی کشمیر میں فضائی و زمینی ٹرانسپورٹ متاثر ہو سکتا ہے اور سری نگر – جموں قومی شاہراہ اور جموں و کشمیر کے پہاڑی علاقوں کی بڑی سڑکیں بھی بند ہوسکتی ہیں۔ادھر انڈین میٹرو لوجی ڈیپارٹمنٹ نے کہاہے “ایک فعال مغربی ہوائوں کا مرحلہ 29 فروری سے مغربی ہمالیائی خطہ اور 1 مارچ سے 3 مارچ تک شمال مغربی ہندوستان کے میدانی علاقوں کو( 1 اور 2 مارچ 2024 کو) سب سے زیادہ شدت کے ساتھ متاثر کرنے کا امکان ہے”۔مرکزی ادارے کے مطابق جموںوکشمیر اور لداخ میں 1 مارچ کو الگ تھلگ مقامات پربھاری بارش/برفباری( (64.5-115.5ملی میٹراور 2مارچ 2024کو بھاری سے بہت زیادہ بارش/برفباری( (115.5-204.4ملی میٹرہونے کا امکان ہے۔ہماچل پردیش میں یکم مارچ کو الگ تھلگ مقامات پر بھاری بارش/برفباری( (64.5-115.5ملی میٹرہونے کا امکان ہے۔ 2مارچ کو ریاست میں( 115.5-204.4 )ملی میٹر بارش/برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ ہماچل پردیش میں سردیوں کے موسم میں 105 سینٹی میٹر بارش ہوئی جب کہ عام بارش 166.6 ملی میٹر تھی، جو یکم جنوری سے 24 فروری تک 37 فیصد کی کمی تھی۔تاہم، ریاست میں فروری میں اب تک 98.3 ملی میٹر بارش ہوئی جبکہ عام بارش 81.3 ملی میٹر اور 21 فیصد سے زیادہ ہے۔موسم کی نگرانی کرنے والی ایجنسی کے مطابق، یکم اور 2 مارچ کو ہماچل پردیش میں الگ تھلگ ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ 2مارچ کو اتراکھنڈ میں الگ تھلگ مقامات پر بھاری بارش/برفباری( (64.5-115.5 ملی میٹرپنجاب میں 1 اور 2 مارچ کو ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ پیش گوئی کے مطابق 2 مارچ کو ہریانہ اور چندی گڑھ میں الگ تھلگ جگہوں پر ژالہ باری کا امکان ہے۔7مارچ کو مغربی اتر پردیش میں خراب موسمی حالات جیسے بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔