عظمیٰ نیوزسروس
جموں// جموں میں ایک چوری کے مقدمے میں گرفتار شخص ہسپتال میں سینے اور پیٹ میں شدید درد کی شکایت کے بعد انتقال کر گیا۔ ـ پولیس کے مطابق مدھیہ پردیش کے رہائشی سریش انوراگی، جو جموں کے تریکوٹہ نگر میں مقیم تھے، کو 4فروری کو بہو فورٹ پولیس سٹیشن میں درج ایک چوری کے مقدمے میں دو دیگر ساتھیوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔ ـ پولیس کے مطابق، ملزم نے سینے اور پیٹ میں شدید درد کی شکایت کی، جس کے بعد اسے فوری طور پر ضلع پولیس ہسپتال جموں منتقل کیا گیا اور اس کے اہل خانہ کو بھی اطلاع دی گئی۔ بعد میں، شام 4 بجے کے قریب اسے مزید علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کر دیا گیا، لیکن وہ رات 9:30 بجے دم توڑ گیا۔ پولیس نے بتایا،علاج کے دوران انوراگی کے اہل خانہ ہسپتال میں اس کے ساتھ موجود تھے۔پولیس کے مطابق، اس واقعے کی عدالتی تحقیقات کے لیے درخواست دی گئی ہے اور قانون کے مطابق نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن کو بھی اطلاع دی گئی ہے۔