محمد تسکین
بانہال// سڑک رابطے کے بغیر رام بن کی احدواہ پنچایت کے بارے میں کشمیر عظمیٰ میں چھپی خبر کے بعد محکمہ پی ڈبلیو ڈی رام بن نے سروے کا کام مکمل کیا ہے۔
احدواہ پنچایت کے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پیر اور منگل کے روز پی ڈبلیو ڈی رام بن کے انجینئروں اور ملازمین پر مشتمل مشتمل ایک ٹیم احدواہ پہنچی اور انہوں نے احدوا ہ کے علاقوں کو سڑک سے جوڑنے کیلئے سڑک کی سروے کا کام مکمل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سروے نیراہ رابطہ سڑک سے ہائی سکول بتیا احدواہ تک کی گئی ہے اور اس سڑک کی مسافت سات کلومیٹر ہوگی اور اس پر سروے کا کام منگل کی شام مکمل کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر رام بن مسرت الاسلام نے کہا تھا کہ پنچایت احدواہ کو جوڑنے کیلئے دو جگہوں سے رابطہ سڑک کا کام کیا جائیگا۔ اس سروے کے بعد مقامی لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور اس کیلئے گریٹر کشمیر کمیونی کیشنز پرائیویٹ لمیٹڈ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے کچھ روز پہلے احدواہ سڑک رابطے کو زور شور سے اٹھایا تھا۔