رام بن میں رہبر تعلیم اساتذہ کی اٹیچ منٹ
متعدد اسکولوںمیں درس و تدریس متاثر
ایم ایم پرویز
رام بن //سرکار او رمحکمہ تعلیم کے آر ای ٹی کے تحت تعینات اساتذہ کے تبادلوں و اٹیچمنٹ کے خلاف کے واضع ہدایات کہ باوجود آر ای ٹی اساتذہ کی ایڈجسمینٹ زبانی احکامات پر کئے جارہے ہیں۔اتنا ہی نہیں ان اساتذہ کو نہ صوف ایک سکول سے دوسرے سکول بلکہ ایک زون سے دوسرے زون میں تبدیل کیا گیا ہے۔جو کہ واضح ہدایات کی سریحاً خلاف ورزی ہے، جس سے طلاب کو کافی نقصان ہوتا ہے۔ذرائع کے مطابق درجنوں کی تعداد میں اساتذہ بشمول بانہال، اُکھڑال، رام بن، گول اور بٹوت زون کے تعینات آر ای ٹی اساتذہ کو مختلف دفاتر کے ساتھ اٹیچ کیا گیا ہے۔ ایسے اساتذہ کی تعداد کافی زیادہ ہے، جن کودوسرے اسکولوں اوردفاتر میں اٹیچ کیا گیا ہے۔والدین کا الزام ہے کہ ایسا کرنے سے انکے بچوں کی پڑھائی متاثر ہوجاتی ہے۔اطلاعات کے مطابق اس سلسلہ میں اعداد و شمار حیرن کُن ہیں کیونکہ زیڈ ای اوز کی جانب سے پیش کئے گئے اعدادو شمار کو سی ای او آفس میں چھپایا جاتا ہے۔اطلاعات کے مطابق ایسے اساتذہ کی تعداد درجنوں میں ہے۔لوگوں نے اس معاملہ کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات اور ایسے آر ای ٹی اساتذہ کو فوری طور ڈٹیچ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشتواڑ ضلع ہسپتال میں بے ضابطگیوں کا الزام
سماجی کارکن چیف سیکرٹری سے فریادی
عظمیٰ نیوز
کشتواڑ// ضلع ہسپتال کشتواڑ میں مبینہ بے ضابطگیوں کا الزام لگاتے ہوئے سماجی کارکن و چیئر مین چنار پائور پروجیکٹس ورکرس یونین ضلع کشتواڑ جوگیندر بھنڈاری نے چیف سیکرٹری سے ملاقات کرکے بتایا کہ ضلع ہسپتال کشتواڑ میں تعینات بعض ڈاکٹروں نے اپنے کلینک کھول رکھے ہیں،جہاں سے وہ دوائی خریدتے ہیں جسکی وجہ سے کیمسٹوں کو کافی نُقصان ہوتا ہے۔پریس کے نام جاری ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ کئی ڈاکٹر تاخیر سے ہسپتال آتے ہیں اور ہسپتال سے بعد دوپہر ہی بجے رُخصت ہوجاتے ہیں،جسکی وجہ سے دو ر دراز علاقوں سے آئے ہوئے مریضوں کو سخت پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور بغیر طبی معائینہ کے واپس لوٹنا پڑتا ہے۔انہوں نے شکایت کی ہے کہ ہسپتال میں تعینات معمولی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کو بھی جی ایم سی منتقل کیاجاتا ہے۔اتنا ہی نہیں مریضوں کو منتخب کیمسٹوں سے ہی ادویات خریدنے کیلئے مجبور کیا جاتا ہے،جہاں سے ڈاکٹروں کو مبینہ طور کمیشن حاصل ہوتا ہے۔چیف سیکرٹری نے شکایت نہایت ہی صبر کے ساتھ سُن لی اور یقین دلایا کہ قصور واروں کے خلاف جلد ہی کاروائی کی جائے گی
منشیات فروش گرفتار،400 گرام چرس برآمد
طاہر ندیم خان
بھدرواہ //منشیات فروشوں کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے بھدرواہ پولیس نے بدھ کے روز ڈوڈہ کے گڈسو علاقہ سے ایک شخض کو گرفتار کرتے ہوئے400 گرام چرس بر آمد کی ہے۔پولیس کی جانب سے جاری ایک رپورٹ کے مطابق انچارج پولیس پوسٹ بھالہ ایس آئی سنیل پریہار کی قیادت میں ایک پولیس پارٹی نے زیر نگرانی اے ایس پی بھدرواہ راجندر سنگھ ،ایس ڈی پی او بھدرواہ برجیش شرما اور ایس ایچ او بھدرواہ منیر خان گڈسو علاقہ میں پٹرول پمپ کے قریب ایک ناکہ لگایا ۔خصوصی ناکہ کے دوران پولیس ٹیم نے ایک شخض کو مشتبہ حالات میں گھومتے ہوئے دیکھا اور اُسے روکا ۔دروان تلاشی پولیس نے مشتبہ شخض کے قبضہ سے400 گرام چرس برآمد کیا۔مبینہ ملزم کی پہچان بلوان سنگھ ولد اومیش ساکنہ چنٹو بھالرا،چھرالہ کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے زیر ایف آئی آر نمبر 149/2017 مبینہ ملزم کے خلاف پولیس اسٹیشن میں ایک معاملہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔
مسئلہ کشمیر پر گول میز کانفرنس کا اہتمام
خطہ چناب سے متعدد شخصیات کی شرکت
ڈوڈہ//مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے ریاست جموں کشمیر کے مختلف علاقوں لداخ ،وادی کشمیر ،پیر پنچال اور چناب ویلی میں دانشوروں ،سیاسی رہنماؤں سے گفت شْنید کے کئی ادوار کرکے سینٹر فار پیس کی جانب سے دہلی میں دہلی انٹرنیشنل سنٹر میں ہند و پاک تعلقات پر 8 دسمبر کو ایک گول میز کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔اس کانفرنس میں ہندوستان اور پاکستان کے نامور سفارت کار اور دانشور حضرات حصّہ لیں گے جن میں پاکستان کے سابق وزیر خارجہ خورشید قصوری ہندوستان میں پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود اور ہندوستان کے متعدد سفارت کار بھی حصہ لے رہے ہیں۔اس کانفرنس کے لئے چناب خطہ سے بھی متعدد شخصیات جا رہی ہیںجن میں ایم ایل سی فردوس ٹاک اور ایڈوکیٹ امتیاز میر شامل ہیں۔ڈوڈہ سول سوسائٹی کے ارکان عبدالقیوم زرگر ،نصیر احمد کھوڑا ،فیضان علی ترمبو ،ایڈوکیٹ غلام حسن پاٹیگڑو ،اشتیاق احمد دیو ،ایڈوکیٹ ونے آنند اور ایڈوکیٹ کیول کرشن منہاس نے ان کی کانفرنس میں شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
پُر اسرار حالات میں نعش برآمد
ایم ایم پرویز
رام بن//پولیس نے بدھ کے روزرام بن کے باٹلی جنگلات سے ایک مقامی شخض کی نعش کو پُر اسرار حالات میںبرآمد کیا ہے۔پولیس نے متوفی کی شناخت چہل سنگھ عمر32 سال ولد جیت رام ساکنہ باٹلی کے بطور کی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے مشتبہ حالات میں ایک نعش کو برآمد کیا ہے اور اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے مزید کاروائی شروع کر دی ہے۔قانونی لوازمات پُر کرنے کے بعد نعش کو نزدیکی لواحقین میں آخری رسومات کے لئے سپرد کی گئی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ متوفی ذہنی مریض تھا۔
پیپلز پارٹی یونائٹیڈ کی سٹیٹ ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس منعقد
کشتواڑ//جموں کشمیر پیپلز پارٹی یونائٹیڈ کی سٹیٹ ایگزیکٹو کونسل نے مرکزی سرکار سے اپیل کی ہے کہ جموں کشمیر کے بارے میں ہونیو الی کسی بھی قسم کی بات چیت میں خطہ چناب کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔ یہاں جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ خطہ چناب نہ صرف صوبہ جموں کا ایک انتہائی حساس حصہ ہے بلکہ اس خطہ نے جموں کشمیر کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے اور یہاں کی کئی قد آور شخصیات نے ریاست کے سیاسی افق پر چھائے رہے ہیں۔ یہاں جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق یہاں منعقدہ ایک میٹنگ میں مقررین نے یاد دلایا کہ پارٹی کے بانی مرحوم غلام رسول ڈلوال پوری زندگی خطہ چناب میں ہل ڈیولپمنٹ کونسل کے قیام کے لئے سر گرداں رہے اور انہوں نے اس کے لئے ہر سطح پر جد و جہد کی تا کہ نہ صرف خطہ چناب کو سیاسی طور پر با اختیار بنایا جا سکے بلکہ یہاں کے نوجوانوں کو بلالحاظ مذہب و ملت روزگار کے مواقع میسر ہو سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں مرکزی حکومت کی طرف سے مذاکرات کار کی تقرری ایک خوش آئند قدم ہے جو کہ اعتماد سازی کے لئے ایک انتہائی اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے لیکن اسے صرف جموں اور سرینگر شہروں تک ہی محدود نہیں رکھا جانا چاہئے بلکہ خطہ چناب اور پیر پنچال کو بھی اس میں شامل کیا جانا بہت ہی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیشور شرمانے اپنے دوسرے دورہ کے دوران جموں سے 20کلو میٹر دور نگروٹہ میں جگتی کے مقام پر کشمیری مائیگرنٹوں کے کیمپوں کا دورہ کیا اور جموں میں بھی درجنوں وفود سے ملاقات کر کے کشمیر کی صورتحال اور اس سے جڑے پہلوئوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ شرما نے وزیر اعلیٰ اور گورنر کے ساتھ بھی ملاقات کی تھی اور کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد کے قریب رہنے والے لوگوں کے ساتھ بھی بات چیت کی لیکن خطہ چناب کو پوری طور پر نظر انداز کر دیا گیا جو کہ نا قابل فہم ہے ۔
رام سو میں مفرور ملزم گرفتار
ایم ایم پرویز
رام بن // پولیس نے ایک مفرور ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کر لی جو پچھلے کئی برس سے پولیس کو چکمہ دے کر فرار تھا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ رام سوتھانہ کی پولیس نے ایک مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد اس ملزم کو باترو نالہ سے چھاپہ مار کر حراست میں لے لیا۔ اس کی شناخت ارجن سنگھ ولد پریم سنگھ ساکن باترو دھمنستہ تحصیل پوگل پریستان کے طور پر کی گئی ہے ۔ یہ گرفتاری ایس ایچ او پولیس تھانہ رام سو انسپکٹر انوپ شرما کی قیادت اور ایس ڈی پی او بانہال دھیرج سنگھ کٹوچ و ایس ایس پی رام بن موہن لال کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی۔پولیس نے بتایا کہ مفرور ملزم پولیس تھانہ رام سو میں دائر ایف آئی آر 488 RPCمیں پولیس کو مطلوب تھا۔