حسین محتشم
پونچھ// خالصہ پنتھ کے 325ویں یوم تاسیس پر سرحدی ضلع پونچھ کی مختلف سکھ تنظیموں کے باہمی اشتراک سے گردوارہ شری مہنت صاحب پونچھ سے ایک نگر کیرتن برآمد کیا گیا جس کی قیادت شری مہنت منجیت سنگھ جی سنت پورہ شری ڈھیرا ننگالی صاحب خود کر رہے تھے۔ نگر کرتن میں جموں کشمیر کے تقریبا تمام اضلاع کے لوگوں نے شرکت کی۔ اس دوران جموں، سرینگر اور دیگر اضلاح کے معروف راگی جتھے،پرچارک بھی نگرکرتل میں موجود رہے جبکہ نوجوان کلا بازیاں جن میں گتکا، تلوار بازی، لٹھ بازی وغیرہ کرتے دکھائی دیے۔اس دوران پونچھ کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ہندو، مسلم سکھ، عیسائی مذاہب کی اہم شخصیات، ضلع ترقیاتی کمشنر یاسین محمد چوہری، ایس ایس پی پونچھ یوگل منہاس اور دیگر ضلعی اور تحصیل افسران بھی نگر کرتن کے ساتھ ساتھ رہے۔ پونچھ کے سماجی کارکن ٹی پی سنگھ نے اس دوران سب کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا خالصہ سکھ مت کے پیروکاروں کا ایک اجتماعی وجود ہے۔ انہوں نے کہا سکھ مت کے دسویں گرو گوبند سنگھ نے 30 مارچ 1699ء کو آنند پور صاحب میں خالصہ پنتھ کی بنیاد رکھی۔ اس دن انھوں نے سب سے پہلے پانچ پیاروں کو امرت پان کروا کر خالصہ بنایا اور اس کے بعد ان پانچ پیاروں کے ہاتھوں خود بھی امرت پان کیا۔