جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر کے نکہ منجہاڑی علاقہ میں سابقہ نائب سرپنچ کی جانب سے مبینہ طورپر ایک خاتون کا راستہ روک کر اُس کیساتھ بدسلوکی اور شدید پار پیٹ کرنے کا معاملہ سامنے آنے کے بعد گرسائی پولیس سٹیشن میں ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہے ۔محمد فاروق ولد فیض محمد نامی شخص نے بتایا کہ سابقہ نائب سرپنچ محمد شفیع کی جانب سے اُس کے مال مویشیوں کا راستہ بند کر نے کیساتھ ساتھ پانی بھی بند کردیا گیا ہے جبکہ سڑک سے بھی گزرنے نہیں دیا جاتا تاہم پولیس سے رجوع کرنے کے بعد پولیس کی مداخلت پر اُس کی اہلیہ نے راستے سے گزرنے کی کوشش کی تاہم سابقہ نائب سرپنچ نے خاتون کا راستہ رو ک کر اُس کیساتھ بدزیبہ بدسلوکی کرنے کیساتھ ساتھ اُس کی شدید پٹائی کی جس کے بعد خاتون کو شدید زخمی حالت میں پولیس سٹیشن منتقل کیاگیا ۔
دوسری جانب پولیس نے مذکورہ واقع رونما ہونے کے بعدسابقہ نائب سرپنچ سمیت 5افراد کیخلاف ایک ایف آئی آر زیر نمبر 88/2023زیر دفعات341،323،506پولیس سٹیشن گرسائی میں درج کر کے مزید تحقیقات کا عمل شروع کردیا ہے ۔خاتون کے اہل خانہ بالخصوص شوہر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ سابقہ نائب سرپنچ کی جانب سے انتہائی نازیبہ الفاظ کا استعمال کرکے گالیاں دی جارہی ہیں جبکہ اُس نے مبینہ طورپر سرکاری اراضی پر قبضہ کر کے اُس پر رہائشی مکان بھی تعمیر کیا ہوا ہے جس کے بعد لوگوں کا راستہ بھی بند کردیا گیا ہے ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ ،ایس ایس پی پونچھ اور سب ڈسٹر کٹ انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اس معاملہ کا سنجیدہ نوٹس لے کر متاثرین کو انصاف فراہم کیاجائے ۔