سرینگر//حیدر بیگ پٹن میں ایک دوکان سے لاکھوں روپے مالیت کے موبائل فون اڑالینے کے سنسنی خیز واقعہ میں ملوث ایک غیر ریاستی ٹرک ڈرائیور کو گرفتار کرکے اس کے دو دیگر ساتھیوں کی تلاش میں پٹن پولیس کی ایک ٹیم پنجاب روانہ ہوگئی ہے۔25اور26جولائی کی درمیانی شب کے دوران سرینگر مظفر آباد شاہراہ پرحیدر بیگ پٹن میں فرنڈس الیکٹرانکس نامی ایک دکان میں نقب لگائی گئی۔نقب زنوں نے دکان کا شٹر توڑ کر اس میں موجود قریب6لاکھ روپے مالیت کے موبائل فون اڑالینے میں کامیابی حاصل کی، تاہم وہاں سے فرار ہونے سے قبل وہ اپنا سراغ چھوڑ گئے۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ جب چوری کی یہ واردات انجام دی جارہی تھی تو مذکورہ دکان کے متصل ایک ہوٹل کا ملازم آواز سن کر نیند سے بیدار ہوا۔ذرائع کے مطابق باہر جھانکنے پر اسے لاٹھیوں اور لوہے کی سلاخوں سے لیس کچھ لوگ نظر آئے جو دکان سے سامان نکال کر ایک ٹرک میں لوڈ کررہے تھے۔اس دوران مذکورہ ہوٹل ملازم نے ٹرک کا نمبر PB07Q/7905نوٹ کرلیا اور فوری طور پٹن پولیس کو اطلاع دی۔پولیس کی ایک ٹیم راتوں رات متحرک ہوئی اور ٹرک کو سنگرامہ سوپور کے نزدیک روک کر پکڑ لیا تاہم اس میں سوار دو افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس نے ٹرک کو اپنی تحویل میں لیا اور گرداس پور پنجاب سے تعلق رکھنے والے اس کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ذرائع نے بتایا کہ اگر چہ ٹرک سے چوری شدہ موبائیل فون برآمد کرلئے گئے ہیں ، تاہم ٹرک ڈرائیور سے پوچھ تاچھ کا عمل جاری ہے جس نے چوری کی اس واردات میں پنجاب سے ہی تعلق رکھنے والے دو دیگر ساتھیوں کے ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔چنانچہ پٹن پولیس کی ایک ٹیم ان کی تلاش میں پنجاب روانہ کردی گئی ہے۔ایس ڈی پی او پٹن عامر اقبال نے بتایا کہ پولیس اس گروہ کے ہائی وے پر رونما ہوئی نقب زنی کی دیگر کئی وارداتوں میں ملوث ہونے کی تحقیقات کررہی ہے۔