عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیربرائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم سکینہ ِایتو نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت دانتوں کے ڈاکٹروں کے روزگار کے مسائل کوحل کرنے اور سرکاری اور متعلقہ شعبوں میں اُن کے لئے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لئے ایک منظم پالیسی پر کام کر رہی ہے۔ وزیر صحت نے اِن باتوں کا اِظہار اِندرا گاندھی گورنمنٹ ڈینٹل کالج (آئی جی جی ڈی سی) جموں میں سالانہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اُنہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاشرے میں طبی تعلیم کی اہمیت اور عوامی صحت کی خدمات کے نظام کو مستحکم کرنے میں ڈینٹل پروفیشنلوںکے کلیدی رول کو اُجاگر کیا۔ اُنہوں نے کہا، ’’طبی پیشہ ایک اِنتہائی معززپیشہ ہے کیوں اس کا براہ راست تعلق عوامی فلاح و بہبود سے ہے ۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ طبی ماہرین معاشرے کی بہتری میں ایک فعال رول اَدا کرتے ہیں۔ وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ میڈیکل فیلڈ میں ہ رروز نئی ٹیکنالوجیز متعارف ہو رہی ہیں اور طبی پیشہ ور اَفراد کو ان ترقی پذیر ٹیکنالوجیوں کے مطابق خود کو اَپ گریڈ کرنا ضروری ہے۔اُنہوں نے کہا،’’میڈیکل اور ڈینٹل فیلڈ کا شعبہ مسلسل ترقی کر رہا ہے جس میں مریضوں کی بہترنگہداشت کے لئے جدید ایجادات کو اَپنانا ناگزیر ہے ۔ ڈاکٹروں کو ان جدید رجحانات کے مطابق خود کوتیار کرنا ہوگا۔‘‘اُنہوں نے عوامی صحت میں دانتوں کے ڈاکٹروں کے اہم رول پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک منظم پالیسی پر کام کر رہی ہے تاکہ دانتوں کے ڈاکٹروں کی روزگار کے مسائل حل کئے جاسکیں اور ان کے لئے نئے روزگار کے مواقع پید اکئے جائیں۔سکینہ اِیتو نے اِندرا گاندھی گورنمنٹ ڈینٹل کالج (آئی جی جی ڈِی سی) کی تعلیمی اور طبی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے طلبأ کو علم کے حصول میں محنت او رلگن کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دی اورطلباء کو ہمدردی اور خدمت کے جذبے سے معاشرے کی خدمت کرنی چاہیے۔ اُنہوں نے اِدارے کے دندان سازی میں تحقیق اور اِختراع کو فروغ دینے کے رول کی سراہنا کی۔ پرنسپل اور ڈین آئی جی جی ڈِی سی ڈاکٹر پروین اختر لون نے پاورپوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے ایک جامع رِپورٹ پیش کی جس میں تعلیمی سال کے دوران کالج کے شعبہ جات ، تعلیمی کامیابیوں ، نمایاں سنگ میل اور طلباء کی تعلیمی اورغیر نصابی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی گئی ۔ اُنہوں نے وزیر موصوفہ سے کالج میں پوسٹ گریجویٹ کورسوںکے آغاز میں مداخلت کی درخواست کی۔ اس کے علاوہ اُنہوں نے فیکلٹی کے اِنتخاب کے منصفانہ عمل کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کی جانب سے رجسٹراروںکے لئے تحریری اِمتحان متعارف کرنے کے اقدام کو بھی سراہا۔اِس موقعہ پر وزیر موصوفہ نے کالج کے سابق طلبأکو مُبارک باد پیش کی جو مختلف سرکاری محکموں میں مختلف صلاحیتوں کے تحت معاشرے کی خدمت کر رہے ہیں۔ وزیر صحت نے مختلف بیچوں کے ہونہار طلبأکو بھی مُبارک باد دی۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ سکینہ اِیتو نے کالج میگزین ’’ اُمید‘‘ کا پہلا ایڈیشن بھی جاری کیا جو طلبأ کو اَپنے خیالات کے اِظہار کے لئے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتا ہے۔اِس سے قبل وزیر صحت نے ہسپتال میں ڈینٹل کون بیم کمپیوٹیڈ ٹوموگرافی (سی بی سی ٹی) کا اِفتتاح کیا۔ اُنہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی دانتوں کی خدمات کا جائزہ لینے کے لئے ہسپتال کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔ اُنہوں نے مریضوں سے بھی بات چیت کی اور ان سے سہولیت میں فراہم کی جانے والی خدمات کے بارے میں دریافت کیا۔