سرینگر//مال، امداد اور بازآباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری نے پہاڑی علاقوں کے ترقیاتی منظر نامے کو آگے بڑھانے کے حکومت کے عزم کو دہرایا ہے۔وزیر موصوف جو شوپیاں ضلع ترقیاتی بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں، شوپیاں میں بورڈ کی جائیزہ میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔میٹنگ میں ممبر اسمبلی شوپیاں محمد یوسف بٹ، ممبر اسمبلی وچی اعجاز احمد میر، قانون ساز کونسل ممبر ظفر اقبال منہاس کے علاوہ ڈی سی شوپیاں اعجاز احمدخان اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔وزیر نے اس موقعہ پر ضلع میں عملائی جارہی مختلف سکیموں اور پچھلی میٹنگ کے دوران لئے گئے فیصلوں کی عمل آوری کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسروں پر زور دیا کہ وہ اہداف حاصل کرنے کے لئے اپنی کوششیں تیز کریں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ پانچ کروڑ روپے لاگت والا ڈسٹرکٹ ہسپتال اگلے برس ماہ مئی میں مکمل کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں بُن بازار سے ہبدی پورہ تک سڑک کو کشادگی دینے کا کام بھی جاری ہے۔اس موقعہ پر مزید بتایا گیا کہ نبارڈ کی معاونت سے میگا فروٹ منڈی پروجیکٹ کے لئے 17.80 کروڑ روپے منظور کئے گئے ہیں۔ضلع ترقیاتی کمشنر اعجاز احمد خان نے پاور پوائنٹ پریذنٹیشن کے ذریعے ضلع میں عملائے جارہے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا تفصیلی خاکہ پیش کیا۔اس دوران دس بستروں پر مشتمل آیوش ضلع ہسپتال قائم کرنے سے متعلق امور کا بھی جائیزہ لیا گیا۔