عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر برائے سماجی بہبود، صحت و طبی تعلیم سکینہ اِیتو نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کے پسماندہ طبقے کی ترقی کے لئے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔وزیر موصوفہ ایوان میںرُکن اسمبلی نظام الدین بٹ کے ایک سوال کا جواب دے رہی تھیں۔اُنہوں نے ایوان کو بتایا کہ سماجی بہبود محکمہ جموں و کشمیر کے غریب، معذور، ضعیف العمر اور بیمار اَفراد کی فلاح و بہبود کے لئے جامع سکیموں اور اَقدامات کے ذریعے کام کر رہا ہے جن میں بانڈی پورہ ضلع بھی شامل ہے۔وزیرموصوفہ نے کہا کہ پسماندہ طبقے کی فلاح و بہبود کے لئے محکمہ سماجی بہبود کی جانب سے چلائی جانے والی مختلف سکیموں میں اِندرا گاندھی نیشنل اولڈ ایج پنشن سکیم،اِندرا گاندھی نیشنل بیوہ پنشن سکیم،اِندرا گاندھی نیشنل معذوری پنشن سکیم،بیواؤں اورطلاق یافتہ خواتین کے لئے پنشن سکیم،معذوری پنشن سکیم،خواجہ سرا پنشن سکیم،اولڈ ایج پنشن سکیم،سٹیٹ میرج اسسٹنس سکیم،لڑکیوں کے لئے ’’ لاڈلی بیٹی ‘‘ سکیم ،پردھان منتری پی ایم ایم وِی وائی دیگر فلاحی اور فلیگ شپ اقدامات شامل ہیں۔اُنہوں نے قانون سازوں پر زور دیا کہ وہ عوام میں ان سکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد ان سے فائدہ اُٹھا سکیں۔ اُنہوں نے بالخصوص مستحقین کو اہلیت کے معیار اور آن لائن درخواست کے عمل سے آگاہ کرنے پر زور دیا۔وزیر نے دُور دراز علاقوں جیسے کہ گریز کے مستحقین کی سہولیت کے لئے یقین دِلایا کہ طبی ماہرین پر مشتمل ایک میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے گاجو مخصوص دنوں میں کیمپ منعقد کرے گا تاکہ مستحقین کو مختلف پنشن سکیموں کے لئے درکار اہلیت سر ٹیفکیٹ کی فراہمی کو آسان بنایا جا سکے۔اِس موقعہ پر رُکن اسمبلی نذیر احمد خان نے اِس معاملے پر ضمنی سوال اُٹھایا۔