عظمیٰ نیوزسروس
جموں// نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے کہاکہ حکومت جموں و کشمیر کی مجموعی اور جامع ترقی کے لئے پُر عزم ہے ۔نائب وزیر اعلیٰ نے سول سیکرٹریٹ میں مختلف اضلاع سے آئے عوامی وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے جموں و کشمیر کے ہر ضلع میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی ، سماجی و اِقتصادی ترقی اور عوامی خدمات کی بہتر فراہمی کی طرف توجہ مرکوز کرتے ہوئے اہم ترقیاتی اقدامات اُٹھائے ہیں۔جو وفود نائب وزیر اعلیٰ سے ملنے آئے اُن میں ملازمت کے خواہشمند طلبأ، مختلف کاروباری انجمنوں کے اراکین اور سول سوسائٹی گروپوںکے نمائندے شامل تھے۔ اُنہوں نے اَپنے مسائل، مطالبات اور دیگر اہم معاملات سے وزیر موصوف کو آگاہ کیا۔اُنہوں نے وفود کے مسائل بغور سُنا اور اُنہیں یقین دِلایا کہ تمام جائز مسائل کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھایا جائے گا تاکہ انہیں بروقت اور مؤثر طریقے سے حل کیا جا سکے۔ اُنہوں نے اِس بات پر زور دیا کہ اِنتظامیہ عوامی شکایات کو شفاف اور مقررہ مدت میں حل کرنے کے لئے پُر پرعزم ہے۔اُنہوں نے متعدد معاملات کے فوری اور خوشگوار حل کے لئے متعلقہ اَفسران کو موقعے پر ہی ہدایات جاری کیں۔مختلف اَفراد اور وفود نے اَپنے جائز مسائل کے حل کے لئے نائب وزیر اعلیٰ کی فوری توجہ اور فعال رویے پر اُن کا شکریہ اَدا کیا۔اُنہوں نے مزید کہا کہ لوگوںکو بروقت خدمات کی فراہمی اور سرکاری فلاحی و ترقیاتی سکیموں کے تحت زیادہ سے زیادہ اِستفادہ کنندگان تک رَسائی یقینی بنائی جائے گی۔