جموں//حکومت جموںوکشمیر اِنٹیگریٹیڈ ڈیری ڈیولپمنٹ سکیم ( آئی ڈی ڈی ایس ) کے اقدام سے دودھ کی پیداوار بڑھانے اور ڈیری فارمروں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کے لئے کثیر الجہتی حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔اِنتظامیہ ڈیری فارم سے کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کے لئے انتھک محنت کر رہی ہے۔اِنتظامیہ اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے جموںوکشمیر یوٹی میں مختلف ترقیاتی سکیموں ، اقدامات ، پالیسیوں وغیرہ کو عملانے کے لئے ڈیری فارم کی ترقی پرسب سے زیادہ ترجیح مرکوزکی ہوئی ہے۔اِنٹگریٹیڈ ڈیری ڈیولپمنٹ سکیم ( آئی ڈی ڈی ایس ) ایک بڑی سکیم ہے جو نہ صرف مالی اِمداد فراہم کر نے پر توجہ مرکوز کرتی ہے بلکہ دُودھ دینے والی مشین ، بلک مِلک کولنگ یونٹ 50فیصد سبسڈی سے دیگر فوائد فراہم کر کے ڈیری پروڈیوسر کی مدد کرتی ہے ۔ اِس سکیم میں پنیر بنانے کی مشین کھویا بنانے کی مشین ، دہی بنانے کی مشین ، کریم الگ کرنے والی مشین ، آئس کریم بنانے کی مشین ، مکھن او رگھی بنانے والی مشین ، دودھ کی وین ، دودھ کی اے ٹی ایم اور ڈی جی سیٹ بھی فراہم کی جاتی ہے جو ڈیر ی سیکٹر میں اَپنے سٹارٹ اَپس شروع کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ڈیری سیکٹر سب سے اہم شعبوں میں سے ایک ہے اور دیہی علاقوں میں رہنے والی بڑی آبادی اَپنی روزی روٹی کے لئے ڈیری اور مویشیوں پر اَنحصار کرتی ہے ۔
لہٰذا ،جموں وکشمیر میں ڈیری سیکٹرفروغ دینے اور لوگوں کی سماجی و اِقتصادی حالت کو بہتر بنانے کے لئے کوششیں جاری ہے۔اِستفادہ کنندگان میں سے ایک ملنارکی فریدہ بانو نے آئی ڈی ڈی ایس کے تحت پانچ گائیوں پر مشتمل ایک ڈیری یونٹ قائم کیا ہے ۔ فریدہ بانو کو گائے پالنے کا تجربہ تھا لیکن اسے بڑے پیمانے پر بڑھانے کے موقعہ کا اِنتظار کرنا ان کے لئے ایک چیلنج تھا۔اِسی دورن فرید ہ بانوکو حال ہی میں شروع کی گئی آئی ڈی ڈی ایس سکیم کے بارے میں معلوم ہوا او راُس نے اِس کے لئے درخواست دی ۔ اِس کے یونٹ کوقائم کرنے کی منظوری مل گئی اور اِس کے بعد پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔اِس منصوبے کے قیام کے بعد فرید ہ بانو روزانہ تقریباً 70سے 75 لیٹر دودھ تیار کرتی ہے جس میں تقریباً آٹھ معیاری گائے موجود ہیں۔اُنہوں نے محکمہ پشو پالن او راُن تمام عملے کا شکریہ اَدا کیا جو قیام کے دوران اس کے ساتھ کھڑے تھے۔اِسی طرح دنیہامہ حضرت بل کے مشتاق احمد وانی نے آئی ڈی ڈی ایس کے تحت پانچ گائیوں پر مشتمل ایک ڈیری یونٹ قائم کیا ۔مشتاق احمد وانی کو گائے پالنے کا اَچھا تجربہ تھا لیکن وہ اسے بڑھانے کے موقعہ کا اِنتظام کررہا تھا۔ اِس کے یونٹ کو قائم کرنے کی منظور ی مل گئی اور وہ اِس منصوبے سے اَچھا منافع کمار ہا ہے ۔ اِس کے فارم سے روزانہ دودھ کی پیداوار تقریباً 75سے 80لیٹر ہوتی ہے۔مشتاق احمد وانی نے اِسی سرکاری سکیم کے تحت دودھ وین کی خریدنے کے لئے بھی درخواست دی تھی جسے منظورکیا گیا او راُس نے کامیابی سے دودھ کی وین خریدی جس سے ملحقہ دیہاتوں او رکچھ اِنفرادی صارفین تک دودھ پہنچانے میں انہیں بہت فائدہ ہوا۔حکومت جموںوکشمیر یومیہ بنیاد پر اِصلاحی اقدامات کر رہی ہے تاکہ جموںوکشمیر میں سفید اِنقلاب کی نئی صبح لائی جاسکے اورکسانوں او رڈیری پروڈکشن سے وابستہ اَفراد کے لئے روزی روٹی کے بہتر مواقع پیدا ہوں۔