جموں//گورنر کے مشیر کے وِجے کمارنے گورنمنٹ آیور ویدک ہسپتال کا دورہ کر کے وہاں فراہم کی جانے والے سہولیات کا جائزہ لیا۔پرنسپل سیکرٹری صحت اتل ڈولو، پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈاکٹر سنندا رینہ ، ڈائریکٹر آئی ایس ایم ڈاکٹر پھنسک آنچک اور میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ترن سنگھ کے علاوہ دیگر کئی افسران ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران ہسپتال کے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ نے مشیر موصوف کو ادارے کی مجموعی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔مشیر نے ہسپتال کے مختلف وارڈوں اور شعبوں کا دورہ کر کے وہاں دستیاب سہولیات اور کام کاج کے بارے میں جانکاری طلب کی۔انہوں نے ہسپتال کے عملے اور ڈاکٹر وں کے ساتھ بھی بات چیت کی۔ڈاکٹر ترن سنگھ نے ہسپتال کے کام کاج سے جڑے مختلف اہم معاملات مشیر موصوف کی نوٹس میں لائے ۔کے وِجے کمار نے ہسپتال کے آوٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کر کے وہاں بھی کام کاج کا جائزہ لیا۔بعد میں مشیر نے گورنمنٹ آیورویدک میڈیکل کالج جا کر وہاں عملے اور طالب علموں کے ساتھ مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے طالب علموں کو دی جانے والی تعلیمی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کرتے ہوئے ان کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کی۔ڈاکٹروں اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ بات کرتے ہوئے مشیر نے ان سے تلقین کی کہ وہ طبی سہولیات میں مزید بہتری لانے کے لئے لگن اور تن دہی کے ساتھ کام کریں۔انہوں نے کہاکہ گورنمنٹ آیورودید ک ہسپتال کی مزید ترقی کے لئے حکومت ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔انہوں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج سے کہا کہ وہ ہسپتال کی انتظامیہ سے جڑے ان کی نوٹس میں لائے گئے معاملات کا جائزہ لیں تاکہ ان کا بروقت حل نکالا جاسکے۔ڈائریکٹر آئی ایس ایم کو اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرنے کو کہا گیا۔