یو این آئی
غزہ//غزہ میں اسرائیلی فوج کی بربریت جاری ہے ، تازہ حملوں میں مزید 98 فلسطینی جاں بحق اور 600 سے زائد زخمی ہوگئے ۔اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر حملے رکنے کا نام نہیں لے رہے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 98 فلسطینی ہلاک اور 603 زخمی ہوئے ہیں ۔ہلاک ہونے والوں میں امداد کے منتظر 51 فلسطینی بھی شامل ہیں۔ یہ اعداد و شمار غزہ کی وزارتِ صحت نے جاری کیے ہیں۔وزارت کے مطابق اسرائیل کے جبری قحط سے غزہ میں مزید 4 فلسطینی ہلاک ہوگئے جس کے بعد غذائی قلت سے اموات کی تعداد 197 ہوگئی جن میں 96 بچے بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ غزہ میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے سے 2 لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔دوسری جانب عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ غزہ کے 12 ہزار سے زائد بچے بدترین غذائی قلت کا شکار ہیں۔ادھر غزہ پراسرائیلی جارحیت کے خلاف برازیل، کولومبیا، یونان، جنوبی افریقا اور اسپین کے عوام ہم زبان ہوگئے۔