سرینگر// وادی کے بلند پایہ ولی کامل حضرت میر سید یعقوبؒ (سونہ وار)کا سالانہ عرس مبارک آج منایا جارہا ہے ۔عرس کی تقریبات گذشتہ کئی دنوں سے جاری ہیں اور جمعرات کو بھی ان کے آستان عالیہ پر درود و ازکار کی مجالس کا انعقاد ہوا۔نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عرس مبارک پر فرزندانِ توحید کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت اولیاء کرام کی تعلیم اور سیرت ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بزرگان دیں کی بدولت اہل کشمیر دین واسلام کی عظیم نعمت سے منور ہوئے۔ اور اِن کی درگاہیں ہمارے دلوں کے سکون اور اسلامی تہذیب وتمدن کے گہوارے رہے ہیں۔ کارگذار صدر عمر عبداللہ نے عرس مبارک پر عقیدتمندوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اللہ کے دربار میں دعا کی کہ اِس عرس مبارک کے طفیل سے کشمیر میں مکمل امن وامان کی بحالی ہو اور ہمیں بزرگانِ دین کی تعلیم پر عمل کرنے کی توفیق عطا کریں۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے بھی عرس پر مبارک باد پیش کی ہے۔