حسین محتشم
پونچھ//شیعہ یوتھ پونچھ کی جانب سے انجمن جعفریہ پونچھ کے بینر تلے ہاتھی تھان بازار پونچھ میںحضرت علی کرم اللہ وجہہ کے ولادت باسعادت کے موقعہ پر سبیل لگا کر شہریوں میں تبرک تقسیم کیا۔اس دوران پونچھ کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے تمام مذاہب جن میں ہندو مسلم سکھ عیسائی سب شامل ہوئے۔ اس دوران عالم انسانیت کے لئے دعا طلب کی گئی۔جب کہ سیاسی، سماجی ادبی و مذہبی شخصیات نے مولائے کائینات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مولائے کائنات کی سیرت پاک پر سب کو عمل پیرا رہنے کی تلقین کی۔ شفیق حسین بابا نے اس دوران بات کرتے ہوئے کہاامیرالمومنین علی علیہ السلام کی شخصیت کے بارے میں کوئی اندازہ نہیں کرسکتا وہ مصلٰی عبادت پر محو رہنے والے اور میدان کارزار کے شہسوار بھی ہیں۔آپکی شجاعت و بہادری کا ڈنکا عالم عرب میں بجتا ہے اورانہیں یہ کمال بھی حاصل ہے کہ ان کے خطبات ،اقوال ایسے فصیح و بلیغ ہوں کہ آج تک شیدائے علم و ادب انہیں ادب و زبان کی گہرائیوں کے عنوان دیتے ہیں اور اہل علم ان سے استفادہ کرتے ہیں۔ دیگر مقررین نے کہا آپکی انہی بلند صفات و کمالات کی بدولت رسول پاک ﷺکی بہت عزت کرتے تھے اور اپنے قول و فعل سے ان کی خوبیوں کو ظاہر کرتے رہتے تھے، لوگوں نے دیکھا کہ کبھی اللہ کے پیارے نبی یہ فرما رہے ہیں کہ علی مجھ سے ہیں اور میں علی سے ہوں۔ کبھی یہ فرمایا کہ میں علم کا شہر ہوں اور علی اس کا دروازہ ہیں۔ کبھی یہ فرمایا کہ سب میں بہترین فیصلہ کرنے والا علی ہے۔