راولپنڈی+راجوری+کپوارہ/اشرف چراغ/ دیوالی کے موقعہ پرمٹھائیاں تقسیم کرنے کے دوسرے روز حد متارکہ پر آر پار فائرنگ کے نتیجے میں پاکستان کا ایک فوجی اہلکار مارا گیاجبکہ بھارت کا ایک فوجی زخمی ہوا۔ ایڈیشنل ایس پی نوشہرہ راجوری نے کہا کہ پاکستان نے فائر بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نوشہرہ سیکٹر میں 33آر آر کی چوکی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں نائک سبھاش چندر شدید زخمی طور پر زخمی ہوا جسے اُدھمپور فوجی ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ انہوں نے اس کے بعد پاکستان نے گولہ باری جس کا جواب دیا جارہا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی کے تھب سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی، جس سے سپاہی ظہیر احمد جاں بحق ہوگیا۔ سپاہی ظہیر احمد کا تعلق ضلع بھمبر کے گاؤں سلطان پور سے تھا اور ان کے پسماندگان میں ان کی بیوہ شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بلااشتعال فائرنگ کا موثر جواب دیا اور دشمن کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔یاد رہے کہ نومبر 2003 میں پاکستان اور بھارت کی افواج کے درمیان لائن آف کنٹرول پر ایک جنگ بندی کا تاریخی معاہدہ ہوا تھا۔ادھرسرحدی ضلع کپوارہ کے کرناہ سیکٹر میں حد متارکہ پر ایک فوجی اہلکار دل کا دورہ پڑنے سے لقمہ اجل بن گیا۔ 20 جاٹ کے اہلکار تعینات سنگھ بلیٹ نمبر 3196945W جمعرات کو دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک ہوگیا۔ اہلکار کے ساتھیوں نے اگرچہ انہیں اسپتال پہنچایا لیکن ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔