جاوید اقبال
مینڈھر//بلاک مینڈھر کی زیرو لائن پر واقعہ پنچایت گوئی کے لنجوٹ علاقہ کے لوگ بنیادی سہولیات سےمحروم ہیں۔ اِن باتوں کا ذکر یوتھ لیڈر نظیم کھٹانہ نے اپنے دورے کے دوران کیا۔ علاقہ کے لوگوں نے یوتھ لیڈر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگ سرحد پر رہتے ہیں اور ہم لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی قلّت ہے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ متعلقہ محکمہ کے چند ملازمین جان بوجھ کر انہیںپانی سپلائی نہیں کر رہے ہیں ۔اُنکا کہنا تھا کہ انکے ساتھ زیادتی ہے۔لوگوں کا کہنا تھا کہ انکی خواتین کئی کلو میٹر دور سے پانی لاتی ہیں اورلوگوں کو پینے کا صاف پانی دے کر انہیں انصاف دیا جاے ۔اِس موقعہ پر یوتھ لیڈر نظیم کھٹانہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سرحدی پٹی پر بسنے والے لوگوں کے ساتھ آفیسران جان بوجھ کر زیادتی کر رہے ہیں اور لوگوں کو پینے کا صاف پانی نہیں مل رہا ہے ۔اُنکا کہنا تھا کہ یہ علاقہ زیرو لائن کے اوپر پڑتا ہے اور زیادہ تر پاکستانی فوج کی جانب سے کی گئی فائرنگ اور گولا باری کی زد میں رہتا ہے اور جب فائرنگ اور گولا باری ہوتی ہے تو لوگوں کی پریشانی مزید بڑھ جاتی ہیں ۔اُنہوںنے ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ سے ایپل کی کہ متعلقہ محکمہ کے آفیسران کو ہدایت دی جائے کہ سرحد پر بسنے والے لوگوں کو پانی جیسی بنیادی سہولت فراہم کی جائی تاکہ لوگوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اُنکا کہنا تھا کہ جن ملازمین نے جان بوجھ کر لوگوں سے زیادتی کی ہے اُنکے خلاف کاروائی کی جائے ۔