جموں //حد متارکہ اور بین الاقوامی سرحد پر ہندوپاک افواج کے درمیان ایک بار پھر گولہ باری کا تبادلہ ہواہے تاہم اس دوران کسی طرح کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ۔دفاعی ذرائع کے مطابق پاکستانی رینجر ز نے بین الاقوامی سرحد پر کٹھوعہ کے ہیرا نگر سیکٹر میں اتوار کی صبح بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس دوران چھوٹے اور خود کار ہتھیاروں کا استعمال کیاگیا ۔ بی ایس ایف کے ترجمان نے بتایاکہ پاکستانی رینجرز کی طرف سے صبح گیارہ بجے ہیرا نگر سیکٹر میں اشتعال انگیز فائرنگ اور گولہ باری کی گئی جس کا بی ایس ایف کی طرف سے بھرپور جواب دیاگیا۔ انہوں نے بتایاکہ اس دوران کسی بھی طرح کا جانی نقصان نہیںہوا۔دریں اثناء راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں حد متارکہ پر فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ پاکستانی فوج نے نوشہرہ میں اگلی چوکیوں اور شہری آبادی والے علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کی جس کا بھارتی فوج نے موثر جواب دیا ۔اس دوران کسی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔واضح رہے کہ حد متارکہ اور بین الاقوامی سرحد پر کشیدگی کے باعث متعدد ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ کئی اہلکار اور شہری زخمی ہوئے ہیں اوراس حوالے سے پچھلے سال کی طرح نیاسال آغاز سے ہی کافی تلخ ثابت ہواہے ۔