سرینگر//پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی (پی ڈی پی )نے حد بندی کمیشن کے نام ایک خط لکھ کر کمیشن سے نہ ملنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حد بندی کمیشن کا بائیکاٹ کرتی ہے ۔
پارٹی نے اپنے خط میں لکھا ”یہ کمیشن دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد قائم کیا گیا ہے لہٰذا غیر قانونی اور غیر آئینی ہے۔“
پی ڈی پی جنرل سیکریٹری غلام نبی ہانجورہ کی جانب سے کمیشن کو لکھے گئے مکتوب کو منگل کے روز جاری کیا گیا۔
مکتوب میں لکھا ہے کہ کمیشن کے متعلق جموں و کشمیر کے عوام میں تحفظات ہیں اور اس پر کئی سوال کھڑے کئے گئے ہیں۔ خط میں درج ہے کہ پی ڈی پی نے کمیشن کے ساتھ ملاقات کا بائیکاٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ جموں و کشمیر میں اس کمیشن کے متعلق یہ رائے پائی جا رہی ہے کہ ”کمیشن کی طرف سے کی جانے والے حدبندی پہلے سے ہی طے ہے اور یہ مفاد عامہ کو زک پہنچائے گی۔“
مکتوب حدبندی کمیشن کے چیئرپرسن جسٹس(ر) رنجنا پرکاش دیسائی کے نام لکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ کمیشن آج سے جموں وکشمیر کے چار روزہ دورے پر آرہا ہے اور چیئرپرسن کے علاوہ اس میں چیف الیکشن کمیشن ششیل چندر اور جموں وکشمیر کے اسٹیٹ الیکٹورل آفیسر کے کے شرما شامل ہیں۔