نیوز ڈیسک
سرینگر // جموں کشمیرحد بندی کمیشن کی طرف سے اپریل کے آخر تک رپورٹ پیش کرنے کا امکان ہے۔ کمیشن نے جموں خطہ میں چھ نئے اسمبلی حلقوں کی تجویز پیش کی ہے جو ادھم پور، راجوری، ڈوڈہ، کٹھوعہ، سانبہ اور کشتواڑ اضلاع سے بنائے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق، کمیشن کے اپنی رپورٹ پیش کرنے کے بعد، مرکز جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ کر سکتا ہے۔ ذرائع نے یہ بھی کہا کہ مرکز سیکورٹی صورتحال سمیت تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گا۔حکومتی ذرائع نے بتایا کہ مرکز رپورٹ ملنے کے بعدکل جماعتی میٹنگ کے دوران اس پر بات کرے گا۔کل جماعتی میٹنگ میں مشاورت کے بعد اتفاق رائے سے ووٹر لسٹیں بنائی جائیں گی جس کے بعد ووٹر لسٹ کی ‘گھر گھر’ تصدیق کی جائے گی۔ کمیشن کی رپورٹ کے مطابق جموں خطہ میں اسمبلی سیٹوں کی تعداد 37 سے بڑھ کر 43 ہو جائے گی۔اسی طرح، وادی کشمیر میں ایک نئی نشست تجویز کی گئی ہے، جو موجودہ ضلع کپواڑہ سے الگ کی جائے گی، اس طرح کشمیر کے علاقے میں اسمبلی کی نشستوں کی تعداد 46 سے بڑھ کر 47 ہو جائے گی۔کمیشن کی سربراہی سپریم کورٹ کی سابق جسٹس رنجنا دیسائی کر رہی ہیں، اور اس میں چیف الیکشن کمشنر سشیل چندرا اور ریاستی الیکشن کمشنر کے کے شرما شامل ہیں۔ یہ کمیشن 6 مارچ 2020 کو جموں و کشمیر کے پارلیمانی اور اسمبلی حلقوں کو دوبارہ ترتیب دینے کے لیے ایک سال کی مدت کے ساتھ، مرکز کے زیر انتظام علاقے کی تنظیم نو کے چھ ماہ بعد قائم کیا گیا تھا۔کمیشن کو 2021 میں ایک سال اور مرکز نے 6 مارچ 2022 کو دوبارہ دو ماہ کی توسیع دی تھی۔