جاوید اقبال
مینڈھر// سب ڈویژن مینڈھر کی تحصیل بالاکوٹ بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔اگرچہ اس علاقے کو تحصیل کا درجہ حاصل ہے لیکن یہاں کے لوگ بنیادی سہولیات سے کوسوں دور ہیں۔تحصیل کا زیادہ تر حصہ سرحد پرواقع ہے جہاں کشیدگی کی وجہ سے لوگ پریشان رہتے ہیں۔ تحصیل کا درجہ ملنے کہ بعد کئی سال گزر چکے ہیں لیکن ابھی تک سرکار نے صرف تحصیلدار اور نائب تحصیلدار ہی لوگوں کا کام کرنے کیلئے لگائے ہوئے ہیں باقی تمام پوسٹ خالی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو کام کروانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔پورے علاقے میں ایک پرائمری ہیلتھ سنٹر ہے جس میں کوئی سپیشلسٹ ڈاکٹر تعینات نہیں۔اسی طرح سے دو ہائرسکینڈری سکول ہیں جن میں سے ایک حد متارکہ پر واقع ہے۔بچیوں کیلئے کوئی ہائرسکینڈری سکول قائم نہیں اور تدریسی عملہ کی بھی قلت ہے۔پانی کی سکیمیں ناکارہ ہوچکی ہیں اور کئی کلو میٹردور سے پانی لاناپڑتاہے۔جل جیون مشن کے تحت چلنے والی سکیموں کابھی کوئی خاص فائدہ نہیں پہنچ رہاہے۔بجلی کا یہ عالم ہے کہ کئی جگہوں پر آج بھی ترسیلی لائنیں لکڑی کے کھمبوں سے لٹک رہی ہیں۔سڑک روابط بھی کوئی اچھی تصویر پیش نہیں کررہے ہیں۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ لنک سڑکوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔لوگوں نے مانگ کی ہے کہ اس علاقے پر خصوصی توجہ دے کر اسے ترقیاتی منظرنامے پر لایاجائے۔