راجوری+مینڈھر+نوشہرہ+اوڑی// راجوری پونچھ اضلاع اور اوڑی میں ہندوپاک افواج کے درمیان گھمسان کی گولہ باری جاری ہے۔
جس کے نتیجہ میں ایک ہی کنبے کے 3افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ ایک زخمی ہواہے ۔ ہلاکتوں کا یہ واقعہ پونچھ کے سلوتری جھلاس علاقے میں پیش آیا۔ مرنے والوں کی شناخت روبینہ کوثر زوجہ محمد یونس ، اس کا 9سالہ فرزند فیضان ولد محمد یونس اور5سالہ شبنم دختر محمد یونس کے طور پر ہوئی ہے جبکہ اس سانحہ میں اس کنبے کا سربراہ محمد یونس ولد محمد اسلم زخمی ہواہے ۔ جمعہ اور سنیچر کی رات 10بجے ایک مارٹر شیل اس وقت اس کنبے کے گھر پر گرا جب گھر کے افراد سونے کی تیاری کررہے تھے ،اس شیل کے نتیجہ میں دو بچوں اور ان کی ماں کی موقعہ پر ہلاکت ہوگئی جبکہ زخمی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیاگیا۔راجوری کے نوشہرہ ،بھمبر گلی اور ترکنڈی جبکہ پونچھ کے مینڈھر، منکوٹ و بالاکوٹ سیکٹروں میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں ۔مینڈھر کے سرحدی علاقے بالاکوٹ میں رات ساڑھے بارہ بجے سے لیکرصبح 4بجے تک شدید فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران بالاکوٹ کے دھار گلون، بسونی ، دھراٹی، بھروٹ و دیگر گائوں کو نشانہ بنایاگیا۔ دن کے وقت یہ علاقہ خاموش رہا تاہم جمعہ کی شا م 6بجے سے ایک بار پھر نہ صرف بالاکوٹ بلکہ کرشنا گھاٹی اور مینڈھر سیکٹروں میں بھی گولہ باری ہورہی ہے اور کئی گولے حد متارکہ سے کئی کلو میٹر دور رہائشی آبادی والے علاقوں میں بھی گر ے ۔اسی طرح راجوری کے بھمبر گلی سے ترکنڈی سیکٹر تک بھی فائرنگ اور گولہ باری شروع ہوگئی ہے ۔ دوسری طرف نوشہرہ کے جھنگڑ، کلسیاں، سیر، مکری ، نمب، کڈالی، لڑوکاو دیگر سرحدی علاقوں میں بھی فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہورہاہے۔ان علاقوںمیں یہ سلسلہ دن کے 3بج کر 30منٹ پر شروع ہواجو آخری اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھا۔ دریں اثناء دونوں اضلا ع میں متعدد مکانات گولہ باری کی زد میں آکر تباہ ہوگئے ہیں ۔بالاکوٹ کے بسونی علاقے میں محمدخالق کا مکان پوری طرح سے تباہ ہوگیاجبکہ محمد شریف کے مکان کوجزوی طور پر نقصان پہنچاہے ۔اسی طرح سے نوشہر ہ میں بھی ایک مکان کے تباہ ہونے کی اطلاعات ہیں ۔وہیں بالاکوٹ اور دیگر علاقوں میں گاڑیوں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچاہے۔ادھراوڑی کمل کوٹ سیکٹر میں ہند پاک افواج کے درمیان جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات 12 بجے شدید گولہ باری کا تبادلہ شروع ہوا جو صبح 10 بجکر 30 منٹ تک جاری رہا۔کئی مارٹر شیل آبادی میں گرے۔ ہندوستانی فوج نے چڑی میدانن کالگی میں توپ خانوں سے گولہ باری شروع کی۔گولہ باری کے دوران صبح 4 بجے کے قریب ماڑیاں کمل کوٹ اوڑی کے ایک شہری ریاض احمد ولد محروم نذیر احمد کے گھر کے نزدیک ایک مارٹر شیل گرا جس سے ریاض احمد شدید زخمی ہو گیااور مکان تباہ ہو گیا۔گولہ باری کی زد میں کملکوٹ علاقے میں ریاض احمد کھٹانہ ولد محروم صدر دین کھٹانہ ساکن کنڈی برجالہ کملکوٹ، فاروق احمد ولد محروم سکندر بدن ساکن ماڑیاں کملکوٹ کے مزید 2 رہائشی مکان تباہ ہو گئے ہیں۔ کملکوٹ سیکٹر میں شدید گولہ باری کے بعد مقامی لوگوں نے نقل مکانی کرنی شروع کر دی ہے۔سب ضلع مجسٹریٹ اوڑی ریاض احمد ملک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے کملکوٹ سیکٹر سے 6 کنبوںکو اوڑی میں محفوظ جگہ پر منتقل کر دیا ہے۔