عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی/ /اقلیتی امور اور پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر کرن رجیجو 07 سے 09 نومبر 2025 کے دوران مملکت سعودی عرب کے سرکاری دورے پر تھے ۔کرن رجیجو کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی تھا، جس میں اسیم آر مہاجن، ایڈیشنل سکریٹری (خلیج) اور رام سنگھ، جوائنٹ سکریٹری (حج) وزارت اقلیتی امور شامل تھے یہ دورہ سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کی دعوت پر کیا گیا۔مرکزی وزیرمسٹر کرن رجیجو نے مملکت سعودی عرب کے وزیر حج اور عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی۔ میٹنگ کے دوران دونوں وزراء نے جاری حج کی تیاریوں کا جائزہ لیا، ہم آہنگی اور لاجسٹک سپورٹ کو بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا اور ہندستانی عازمین حج کے لیے حج کے عمل کو مزید ہموار کرنے کے لیے اپنے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ گفت و شنید میں سہولیات، نقل و حمل، رہائش اور صحت کی خدمات کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی تاکہ ہموار اور آرام دہ یاترا کے تجربے کو یقینی بنایا جا سکے۔ ملاقات کے بعد دونوں فریقوں نے جدہ میں حج 2026 کے لیے ہندستان اور مملکت سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ حج معاہدے پر دستخط کیے۔ ہندستان کے لیے ملک کا کوٹہ 175،025 کی تصدیق کی گئی تھی۔دورے کے دوران وزیر موصوف نے حج 2026 کی جاری تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ریاض میں واقع ہندستانی سفارت خانے اور جدہ میں ہندستانی قونصلیٹ جنرل کے عہدیداروں کے ساتھ ایک داخلی جائزہ میٹنگ بھی کی۔ انھوں نے ہندستانی عازمین حج کی بہبود اور آرام کو یقینی بنانے کے لیے سعودی حکام کے ساتھ قریبی تال میل میں مشن اور قونصل خانے کی ٹیموں کی کوششوں کی ستائش کی۔ وزیر موصوف نے جدہ اور طائف میں حج اور عمرہ سے متعلق اہم مقامات کا فیلڈ وزٹ بھی کیا، جن میں ٹرمینل 1 اور جدہ میں حرمین اسٹیشن شامل ہیں تاکہ عازمین حج کے لیے دستیاب بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کے بارے میں براہ راست معلومات حاصل کی جا سکیں۔